گوجرانوالہ: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جب تک پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہو جاتا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے محمد نواز شریف نے کہا کہ یہ سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی مچا کر کہتے ہیں یوتھ ہمارے ساتھ ہے، یہ جو میرے سامنے بیٹھی ہے یہ اصل یوتھ ہے، وہ یوتھ نہیں، یہ اصل پاکستانی ہیں جو میرے سامنے ہیں۔
نوازشریف نے کہا کہ یہ وہ یوتھ ہے جو بڑوں کا ادب کرتے ہیں، اس یوتھ کے ساتھ میرا دل دھڑکتا ہے، جب تک آپ کو باعزت روزگار نہیں ملتا سکون سے نہیں بیٹھوں گا، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کہہ رہی ہے میرے دور میں کرپشن سب سے کم تھی، صرف کرپشن نہیں روٹی، آٹے، چینی، گھی، پٹرول اور بجلی کی قیمت بھی کم تھی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ لوڈشیڈنگ بھی ہم نے ختم کی، ڈالر کی قیمت بھی سب سے کم میرے دور میں تھی، میرے دور میں ترقی کی رفتار 6 فیصد پر تھی، ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا، آئی ایم ایف نے کہا اگر پاکستان اسی طرح ترقی کرتا رہا تو اس کو کوئی نہیں روک سکتا۔