عام انتخابات میں ایک دن باقی! پولنگ عملے کو انتخابی سامان کی ترسیل شروع

لاہور: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) ملک بھر میں عام انتخابات میں محض ایک دن باقی ہے جس کیلئے پولنگ عملے کو انتخابی سامان کی ترسیل شروع کر دی گئی۔

کل ہونے والے انتخابات کے لیے انتخابی سامان پریذائڈنگ افسران اور پولنگ عملے کے سپرد کیا جا رہا ہے۔

ڈی آر او اسلام آباد نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے تینوں حلقوں میں پولنگ میٹریل متعلقہ حلقے کو دیا جا رہا ہے، پریذائیڈنگ افسران کو الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کی ہدایات کی گئی ہیں۔

کراچی میں ضلع شرقی میں پولنگ سامان کی ترسیل ایکسپو سینٹر سے ہو گی، ایکسپو سینٹر کے باہر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔

ملتان
ملتان کے قومی کے 6 اور صوبائی اسمبلی کے 12 حلقوں کے پریذائیڈنگ افسران کو سامان فراہم کیا جا رہا ہے، پولنگ سامان فراہم کرنے کے لیے تین سینٹرز بنائے گئے ہیں۔

این اے 148، 149، 150 اور 151 کے پریذائیڈنگ افسران کو سامان ملتان پبلک سکول سے فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ این اے 152 کے لیے شجاع آباد اور 153 کے لیے جلالپور پیروالا میں سینٹر قائم کیے گئے ہیں۔

پولنگ سامان سخت سکیورٹی میں پریذائیڈنگ افسران کو فراہم کیا جارہا ہے، پولنگ سامان پولیس کی سکیورٹی میں پولنگ سٹیشنز تک پہنچایا جارہا ہے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے کہا ہے کہ پولنگ سامان کی ترسیل شام 6 بجے تک مکمل کر لی جائے گی۔

پشاور
دوسری جانب پشاور میں بھی انتخابی سامان کی تقسیم کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے کہا کہ پشاور میں 3 مقامات سے پولنگ میٹریل متعلقہ عملے کے حوالے کیا جا رہا ہے، ٹیکنیکل کالج کوہاٹ روڈ، سپورٹس کمپلیکس اور عیدگاہ سے پولنگ میٹریل کی ترسیل جاری ہے۔

ڈی آر او کا کہنا ہے کہ تمام پوائنٹس میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، 1200 سے زیادہ پولنگ سٹیشنز میں میٹریل کی ترسیل کی جا رہی ہے، الیکشن میٹریل کی ترسیل کے لیے ٹرانسپورٹ پلان بھی مرتب کیا گیا ہے۔

مالاکنڈ
مالاکنڈ میں ایک قومی اور 2 صوبائی نشستوں کے لیے انتخابی مواد کی ترسیل کا عمل شروع ہو گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر پاک فوج اور لیویز کے جوان تعینات ہوں گے۔

بنوں
بنوں میں سپورٹس کمپلیکس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے سامان کی ترسیل جاری ہے، 524 پولنگ سٹیشنوں کے لیے سامان سکیورٹی کی نگرانی میں دیا جا رہا ہے۔

انتخابی مہم کا وقت ختم
دوسری جانب عام انتخابات 2024ء کیلئے انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق شق 48 اور 49 کے تحت انتخابی مہم 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب ختم ہوئی، انتخابی مہم کا مقررہ وقت گزرنے کے بعد انتخابی مہم چلانے پر مکمل پابندی ہو گی، مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد انتخابی تشہیر کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں