ٹی سی ایل پاکستان کی یونائیٹڈ، زلمی اور گلیڈی ایٹرز کیساتھ شراکت داری

لاہور: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) پاکستان کی تیزی سے ترقی کرنے والی کنزیومر الیکٹرانکس کمپنی ٹی سی ایل نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 میں تین بڑی ٹیموں اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا اعلان کر دیا۔

ٹی سی ایل کی جانب سے دی کرکٹ لائف کی ٹیگ لائن کے ساتھ اس شراکت داری کا مقصد پاکستانی شائقین کے لیے کرکٹ کے تجربے کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید بہتر بنانا ہے۔

آفیشل الیکٹرانکس سپانسر کے طور پر ٹی سی ایل پی ایس ایل کے پورے سیزن 9 میں شائقین کے مجموعی تجربے کو بڑھاتے ہوئے کرکٹ کے منظر نامے میں جدید ٹیکنالوجی اور تفریح لائے گا۔

اس بارے میں بات کرتے ہوئے ہیڈ آف مارکیٹنگ ٹی سی ایل ماجد خان نیازی نے کہا کہ ہم پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ شراکت داری پر بہت خوش ہیں، ہم جانتے ہیں کہ کرکٹ پاکستان کا سب سے پسندیدہ کھیل ہے اور اس تعاون کا مقصد بھی ملک میں کرکٹ کلچر کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرنا اور شائقین کو ایک شاندار تجربہ فراہم کرنا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کہا کہ ہم ٹی سی ایل پاکستان کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے شراکت داروں کی متاثر کن لائن اپ میں خوش آمدید کہتے ہیں، ہم ٹی سی ایل کی جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ شائقین کے لیے دیکھنے کے تجربے میں انقلاب برپا کریں گے۔

اس تعاون کے بارے میں پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ ہم ٹی سی ایل کو اپنے آفیشل پارٹنر کے طور پر خوش آمدید کہتے ہیں اور ٹی سی ایل کے ساتھ ہماری یہ شراکت داری ایک گیم چینجر ہے۔

اس موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے پی ایس ایل میں گلیڈی ایٹرز کی بطور برانڈ اسپانسر شپ پر ٹی سی ایل پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم اس تعاون کے ذریعے پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کو مزید بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں