اسلام آباد: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) نگران وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے دو اہم فیصلوں کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے انڈونیشیا کی باتک ایئر لائن کو پاکستان کیلئے ایئر سروس شروع کرنے کی منظوری دے دی ، وزارتِ ایوی ایشن کی سمری پر انڈونیشیا کی ایئر لائن کو سرکاری ایئر لائن کا درجہ دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ باتک ایئر کراچی اور لاہور کیلئے ہفتہ وار 7 پروازیں شروع کرے گی، باتک ایئر پاکستان کیلئے بی 737 اور اے 320 طیارے استعمال کرے گی۔
علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے سیکرٹری تخفیف غربت یوسف خان کو ایم ڈی بیت المال تعینات کرنے کی بھی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے عامر فدا پراچہ کو یکم جنوری کو عہدے سے ہٹایا تھا، ایم ڈی نہ ہونے سے بیت المال کے مالی اور انتظامی منصوبے متاثر ہو رہے تھے، یوسف خان مستقل ایم ڈی کی تعیناتی تک خدمات سر انجام دیں گے۔