راولپنڈی:(بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) سے اے ایس پی سیدہ شہربانو نقوی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی جس میں انہوں نے اے ایس پی کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اے ایس پی شہر بانو کی ڈیوٹی کے دوران بے لوث لگن اور ایک غیر یقینی صورتحال پر قابو پانے میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ پیش کرنے پر تعریف کی۔
واضح رہے کہ نڈر پولیس آفیسر شہربانو نقوی 26 فروری 2024 کو لاہور کے اچھرہ بازار کے مشتعل ہجوم سے ایک خاتون کو بحفاظت نکال کر لے گئی تھیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، آزادی کے بعد سے پاکستانی خواتین نے اپنی قابلیت، استقامت اور عزم کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک خود کو ممتاز کیا ہے۔