بنگلورو :(بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) شادی کے نام پر 259خواتین کو دھوکہ دینے اور پیسے بٹورنے والا شاطر فراڈیا پکڑا گیا۔
جنوبی بھارت کے سیلکون ویلی کے نام سے مشہور بنگلورو شہر کی پولیس نے نریش پجاری گوسوامی نامی ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے جو شادی کی سائٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پرخواتین سے پہلے دوستی کرتا تھا اور پھر ان سے شادی کرنے کا وعدہ کرکے انہیں اور ان کے سرپرستوں سے پیسے ٹھگ لیا کرتا تھا، گرفتاری سے پہلے تک وہ 259خواتین کو دھوکہ دے چکا تھا۔
بھارتی ریلوے پولیس نے بتایا کہ گوسوامی نوجوانوں کی تصویریں استعمال کرتے ہوئے آن لائن پروفائلز بناتا تھا، وہ خود کو کبھی ہوائی اڈے کا کسٹم اہلکار تو کبھی سافٹ ویئر انجینئر ظاہر کرتا تھا حالانکہ وہ شہر کے نواحی علاقے چک پیٹ میں کپڑے کی ایک دکان پر سیلز مین کے طورپر ملازمت کرتا ہے۔
پولیس نے کہا کہ گوسوامی بالخصوص بیواؤں اور طلاق یافتہ خواتین کو اپنا نشانہ بناتا تھا، وہ انہیں ٹیکسٹ میسجز بھیجتا، رات گئے تک ان سے باتیں کرتا، انہیں بنگلورو آنے کی دعوت دینے سے قبل ان کا اعتماد حاصل کرنے کے بعد ان سے پیسے کا مطالبہ کرتا تھا۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ کہ راجستھان کا رہنے والا گوسوامی پچھلے بیس سال سے بنگلورو میں مقیم تھا، متاثرہ افراد میں سے ایک نے گزشتہ ہفتے شکایت درج کرائی جس کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کیں اور جال بچھا کر45سالہ ملزم کو دبوچ لیا۔