لاہور: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے علاقے ویلنشیاء ٹاؤن کے قریب پنجاب کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ویلنشیاء ٹاؤن کے قریب کینسر ہسپتال کی مجوزہ سائٹ کا دورہ کیا جہاں انہیں کینسر ہسپتال کی سائٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
مریم نواز نے کینسر ہسپتال کے لئے دنیا بھر سے بہتر ین سپشلائزڈ ڈاکٹرز بلانے اور مریضوں کے تیمارداروں کے لئے ہوٹل بنانے کی ہدایت کی۔
دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کینسر کے مریضوں کے علاج کیلئے سرکاری ہسپتال بنائیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب کے پہلے سرکاری ہسپتال میں کینسر کے مریضوں کا مفت علاج ہو گا، کینسر ہسپتال میں مریضوں کے علاج کیلئے بہترین ڈاکٹر اور جدید ترین مشینری لائیں گے۔
اس موقع پر سابق سینیٹر پرویز رشید، اراکین اسمبلی خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، ثانیہ عاشق اور ڈاکٹر عدنان بھی مریم نواز کے ہمراہ تھے۔
چیف سیکرٹری پنجاب، ایس ایم بی آر، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، سیکرٹری کو آپریٹو، کمشنر لاہور، ڈی سی لاہور اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ موجود تھے۔