اسلام آباد: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) پاکستان کی نو منتخب 19 رکنی کابینہ نے ایوان صدر میں حلف اٹھا لیا ہے۔
ایوان صدر میں ہونیوالی حلف برداری کی تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا۔
بعد ازاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئی وفاقی کابینہ کے ارکان سے حلف لیا، تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دیگر ارکان اسمبلی بھی شریک ہوئے۔
حلف اٹھانے والوں میں خواجہ آصف، احسن اقبال، خالد مقبول صدیقی، شزا فاطمہ، محسن نقوی، امیر مقام ، چودھری سالک حسین، ریاض پیر زادہ، رانا تنویر اور جام کمال شامل ہیں۔
اویس لغاری، عطااللہ تارڑ، قیصر شیخ، اسحاق ڈار، مصدق ملک، محمد اورنگزیب اور احد چیمہ نے بھی صدر مملکت سے حلف لیا جبکہ اعظم نذیر تارڑ اور شزا فاطمہ بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔
نومنتخب کابینہ ارکان کا مختصر تعارف
نومنتخب رکنی کابینہ کا مختصر تعارف درج ذیل ہے :
اسحاق ڈار
4بار کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار2003 سے 2022 تک سینیٹ کے رکن رہے ہیں، اسحاق ڈار 1998سے 1999تک،مارچ2008 سے مئی 2008 تک وزیر رہے، اسحاق ڈار 2013سے2017تک اور2022سے2023تک وزیر خزانہ رہے۔
اسحاق ڈار فروری1997سے جولائی1997تک وزیرصنعت اور انویسٹمنٹ رہے ، اسحاق ڈار دسمبر1997سے اکتوبر1999تک وفاقی وزیر تجارت ، مارچ 2012سے جون2013تک سینیٹ میں لیڈر آف اپوزیشن بھی رہ چکے ہیں ۔
اعظم نذیر تارڑ
اعظم نذیر تارڑ2021 میں سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے وہ سینیٹ میں قائد ایوان بھی رہے ہیں ، وفاقی وزیر قانون و انصاف رہ چکے ہیں۔
چودھری سالک حسین
چودھری سالک حسین 2018 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، چودھری سالک حسین وزیر سرمایہ کاری بورڈ بھی رہے ہیں۔
مصدق ملک
مصدق ملک 12مارچ 2018سے سینیٹ کے رکن ہیں، وہ اپریل2013سے جون2013تک وفاقی وزیر پانی وبجلی رہے، مصدق ملک 2013سے 2018تک وزیر مملکت بھی رہ چکے ہیں ۔
مصدق ملک اپریل 2022سے اگست2023تک وزیرپٹرولیم وتوانائی کے عہدے پر بھی فائز رہے ۔
عطا اللہ تارڑ
عطا اللہ تارڑ سابق صدر پاکستان محمد رفیق تارڑ کے پوتے ہیں،وہ پاکستان مسلم لیگ ن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ہیں ، وزیراعظم شہبازشریف کے سابقہ دور میں پہلی بار وفاقی وزیر بنے۔
عطا تارڑ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ وقانونی امور رہے ہیں ، 2022کے آغاز میں پنجاب حکومت کے ترجمان رہے ہیں، جولائی2022میں وفاقی کابینہ میں معاون خصوصی برائے محکمہ انسداد منشیات رہے، دسمبر2022میں پنجاب کے وزیر داخلہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ریاض حسین پیرزادہ
ریاض حسین پیرزادہ مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ہیں، ریاض حسین پیرزادہ 1993اور2018سے2023تک ممبر قومی اسمبلی رہے۔
ریاض حسین پیرزادہ1985 اور1988میں رکن صوبائی اسمبلی پنجاب رہے، 2022 میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق رہے، ریاض حسین پیرزادہ 2018،2017میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رہے۔
ڈاکٹر قیصر احمد شیخ
ڈاکٹر قیصر احمد شیخ مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ہیں، قیصر احمد شیخ 2013سے 2023تک رکن قومی اسمبلی رہے، قیصر احمد شیخ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے چیئرمین بھی رہے۔
ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ہیں، وہ 1997سے1998تک صنعت اور پیداوار کے وفاقی وزیر رہے، خالد مقبول صدیقی نے2018سے2020تک بطور وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام خدمات سرانجام دیں۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے تقرری کے لیے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو 19 نام تجویز کیے تھے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس بھی آج شام کو طلب کر رکھا ہے۔