ریاض :(بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) بصارت سے محروم نوجوان نے سن سن کر قرآن پاک حفظ کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے نوجوان نابینا حافظ و قاری سلمان المرغلانی نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز مسابقہ برائے حفظ قرآن اور تلاوت و تفسیر میں شرکت کی۔
نابینا حافظ و قاری سلمان المرغلانی نے بتایا کہ کتاب اللہ کو سن کر پانچ برس میں مکمل حفظ کیا، قرآن کریم کو حفظ کرنے میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا، دس معروف قرآت پر عبور حاصل کرنے کے لیے انہیں سنا کرتا اور اسی طرز کو اپنانے کی پریکٹس کرتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ 9 برس کی عمر سے قرآن کریم کی تعلیم کا آغاز کیا، والد صاحب آیات پڑھا کرتے اور میں ان سے سن کر یاد کرنے کی کوشش کرتا، والد سے سن کر ان آیات کو متعدد بار پڑھتا اس طرح مجھے وہ آیات یاد ہو جاتیں تو وہ والد صاحب کو سناتا۔
قاری سلمان المرغلانی کا کہنا تھا کہ یومیہ بنیاد پر میرا شیڈول تھا کہ جتنا سبق لیتا ایک یا ڈیرھ صفحہ اسے یاد کرتا اور مکمل طور پر حفظ کرنے کے لیے متعدد بار دہرانا ضروری ہوتا ہے اس اصول پر روزانہ عمل کرتا ہوں۔
اپنی زندگی پر قرآن کریم کے معجزانہ اثرات کے حوالے سے حافظ المرغلانی نے بتایا کہ مجھے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ میری زندگی بہت آسان ہوگئی ہے، میں کتاب اللہ حفظ کرنے کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم بھی بآسانی حاصل کر رہا تھا، سکول، کالج اور یونیورسٹی کے مراحل بھی بہت آسان ہوگئے، مجھے پر ہر دروازہ کھلتا گیا۔