فلوریڈا: (ویب ڈیسک ) جاپان کی نامور ٹینس سٹار و چار گرینڈسلام کی فاتح ناؤمی اوساکا ،امریکی ٹینس کھلاڑی سلونی سٹیفنز اور اطالوی ٹینس کھلاڑی کیملا جیورجی میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے ویمنز سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔
میامی اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ ہارڈ روک سٹیڈیم فلوریڈا میں جاری ہے۔
خواتین کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی راؤنڈ میں جاپان کی نامور ٹینس سٹار ، چار گرینڈ سلام کی فاتح ناؤمی اوساکا نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف اطالوی کھلاڑی ایلیسبیٹا کوکیریٹو کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 4-6 سے ہرا کر نہ صرف ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا بلکہ دوسرے راؤنڈ کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔
امریکا کی سلونی سٹیفنز نے بھی ابتدائی راؤنڈ جیت لیا ، انہوں نے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی راؤنڈ میں جرمنی کی حریف کھلاڑی انجلیق کربر کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 3-6 سے شکست دی۔
ایک اور میچ میں اطالوی ٹینس کھلاڑی کیملا جیورجی نے بھی ابتدائی رکاوٹ عبور کر لی ، انہوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پولینڈ کی ٹینس کھلاڑی میگڈالینا فریچ کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 2-6 سے ہرا کر نہ صرف ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا بلکہ ویمنز سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔
ادھرجرمن ٹینس سٹار انجلیق کربر،امریکا کی صوفیا کینن اور جمہوریہ چیک کی کیرولینا پالیسکووا خواتین کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی راؤنڈ میں ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔