صیہونی فوج نے الشفا ہسپتال سے مریضوں اورطبی عملے کو انخلا کا حکم دیدیا

غزہ : (ویب ڈیسک ) غزہ کے الشفاء ہسپتال میں اسرائیلی آپریشن پانچویں روز میں داخل ہو گیا ، صیہونی فوج نے سینکڑوں مریضوں، بے گھر فلسطینیوں اور طبی عملے کو انخلا کا حکم دے دیا۔

قطری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ شہر کے الشفاء ہسپتال پر محاصرہ مزید کئی دن تک جاری رہے گا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے ایک بیان میں دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ حماس ہسپتال کے اندر موجود ہیں ، ہم عمارت میں موجود ’دہشت گردوں‘ سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کرتے رہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج عمارت میں پھنسے تقریباً 220 مریضوں کو دوسری جگہ منتقل کر رہی ہے، اسرائیلی فوج نے الشفا میں 500 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بلنکن نے رفح میں اسرائیلی آپریشن کو’غیر ضروری‘ اور’غلطی‘ قراردیدیا

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نےانتہائی سینئر عہدیداروں کو گرفتار کیا ہے جن سے پوچھ گچھ کے بعد ان کا نام ظاہر کیا جائے گا۔

اسرائیل ڈیفنس فورسز نے الشفا میں آپریشن کے دوران 140 سے زائد افراد کو مارے جانے کا دعویٰ کیا ہے جن میں حماس کے درجنوں اعلیٰ کمانڈروں کے ساتھ ساتھ اسلامی جہاد سے تعلق رکھنے والے بھی شامل ہیں، جبکہ دو اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے ہیں۔

حماس نے الشفا میں اپنے ارکان کی موجودگی کی تردید کی ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ جاں بحق ہونے والے زخمی مریض اور بے گھر فلسطینی تھے، بین الاقوامی قانون کے مطابق صحت کی سہولیات پر حملہ جرم ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 31 ہزار 988 فلسطینی شہید اور 74,188 زخمی ہو چکے ہیں، حماس کے 7 اکتوبر کے حملے میں اسرائیل میں مرنے والوں کی تعداد 1,139 ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں