لاہور: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج دوپہر کے اوقات میں سورج اپنا رنگ جمائے گا جبکہ سہ پہر کے بعد بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں آج کم سے کم درجہ حرارت 19 جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہلکی ہوا چلنے سے گرمی کی شدت میں کمی آئے گی۔
علاوہ ازیں موسم کا احوال بتانے والوں نے کل بروز ہفتہ شہر میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جس کے باعث شہر کے موسم میں خوشگوار تبدیلی آ سکتی ہے۔
ادھرچند روز سے ہوا چلنے سے شہر میں فضائی آلودگی میں بھی کمی آگئی، شہر کا اوسط ایئر کوالٹی انڈکس 165 تک آ گیا، مراتب علی روڈ 17، ٹھوکر نیاز بیگ 164 اور بھٹہ چوک کے علاقے میں 160 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا ہے۔