اسلام آباد: (بی بی یو نیوز اردو) پاکستان بار کونسل نے عدلیہ میں مداخلت کے معاملے پر سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر پاکستان بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں پاکستان بار نے سپریم کورٹ کے حاضر سروس ججز پر مشتمل کمیشن بنانے مطالبہ کر دیا۔
اجلاس میں عدالتی امور میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مداخلت کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 معزز ججز کے خط پر غور کیا گیا۔
پاکستان بار کونسل نے قرار دیا کہ ججز کو ہماری قوم میں سب سے زیادہ عزت دی جاتی ہے، ججز مقدمات کا فیصلہ کرنے کی اہم ذمے داری نبھاتے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے استعفے کا مطالبہ غیر ضروری ہے، مطالبہ ان لوگوں کے ہاتھ مضبوط کرنے کے مترادف ہے جو عدلیہ میں تقسیم چاہتے ہیں۔