وقت کا تقاضا ہے کہ امیر اور غریب کے فرق کو کم کیا جائے: وزیراعظم

لاہور : (بی بی یو نیوز اردو ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ محنت کش ہم سب کیلئے سرمایہ حیات ہیں، وقت کا تقاضا ہے کہ امیر اور غریب کے فرق کو کم کیا جائے۔


لاہور میں وزیراعظم شہبازشریف نے اپنی رہائشگاہ پر عالمی یوم مزدور کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج میں نے دل کی گہرائیوں سے آپ سب کو اپنے گھر مدعو کیا ہے، آج آپ کسی سرکاری گھر میں نہیں ، آپ شریف خاندان کے گھر موجود ہیں اور مجھے  دلی خوشی ہورہی ہے کہ مجھے آپ کی مہمان نوازی کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ  آج واقعی بندہ مزدور کے اوقات بہت سخت اور زندگی غریب آدمی پر بہت تنگ ہے،  مہنگائی نے ہر زندگی کو متاثر کیا ہے، محنت کے باوجود عام آدمی بچوں کی تعلیم،صحت کے اخراجات بڑی مشکل سے برداشت کرتا ہے، ڈیزل اور تیل کی قیمتوں میں آج پھر کمی ہوئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے بھی محنت کی عظمت بیان کی ہے، آپﷺ نے فرمایا کہ مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کی مزدوری دے دو ۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ میرے والد بھی ایک مزور تھے، میرے والد اپنے 6بھائیوں کے ساتھ مل میں مزدوری کرتے تھے، اس ملک کے اندر ہر فیکٹری کے اندر ایک سرمایہ دار اور ایک مزدور ہے، امرا اور کاروباری حضرات اپنی محنت سے جو دولت پیدا کرتے ہیں،اس میں وہ کمزور لوگوں کو بھی حصہ دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مزدور کی عظمت کا ہمیں پورا احساس ہے، سرمایہ دار دولت نہیں بنا سکتا جب تک اس میں مزدور شامل نہ ہو، سرمایہ دار اور محنت کش ایک ہی گاڑی کے پہیے ہیں۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ  پاکستان کے معاشی حالات انتہائی چیلنجنگ ہیں، مزدور کو جائز حق نہیں ملے گا تو ملک ترقی نہیں کرے گا۔

ان کاکہنا تھا کہ ابھی میں سعودی عرب سے واپس آیا ہوں، میرے بھائی سعودی بادشاہ دل سے چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی کرے، چند دنوں میں سعودی سرمایہ دار پاکستان آئیں گے، کہیں  نہیں لکھا کہ مزدور کا بیٹا مزدور اور سرمایہ دار کا بیٹا صرف امیر ہی بنے گا، آج کرپشن کا خاتمہ ہونے والا ہے، ہم سب ملکر جلد پاکستان کو اپنا عظیم مقام واپس دلوائیں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اس بجٹ پر مزدور کی تنخواہ میں بھی اضافہ کرنے کی کوشش کریں گے، لیپ ٹاپ امیروں کو نہیں بلکہ عام بچوں کو دیے گئے،وہ بھی میرٹ پر، ہم ملکر آپ کی ترقی اور خوشحالی کیلئےکوشاں ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں