چوتھا ٹی ٹوئنٹی: فتح کو ترسی پاکستان ٹیم نے جیت کا ذائقہ چکھ لیا

کراچی:(بی بی یو ورلڈ نیوز اردو ) فتح کو ترسی پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے جیت کا ذائقہ چکھ لیا۔

پاکستان نے ویمنز انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں ویسٹ انڈیز کو8 وکٹوں سے مات دے کر پہلی کامیابی اپنے نام کر لی، میزبان ٹیم نے کامیابی کے لیے ملنے والا 85 رنز کا آسان ہدف 16.3 اوورز میں 2 وکٹیں گنوا کر حاصل کر لیا۔

ویسٹ انڈیز پہلے ہی تینوں میچز جیت کر سیریز اپنے نام کر چکی ہے، پانچواں اور آخری میچ جمعہ کی شب کھیلا جائے گا۔
85 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے عائشہ ظفر سب سے کامیاب بیٹر رہیں جنہوں نے 48 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 48 رنز بنائے، گل فیروزہ نے 24 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 21 رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئیں۔

سدرہ امین نے 15 اورمنیبہ علی نے 8 رنز بنائے، شامیلا کونیل اور ایفے فلیچر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے 3،3 میچز جیتنے کے بعد چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیزکرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم پر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مہمان ٹیم نےمقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز بنائے۔ پاکستان کی کپتان ندا ڈار اور سعدیہ اقبال نے تین، تین وکٹیں باہم تقسیم کیں جبکہ نشرح سندھو اور رامین شمیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کی جانب سے شیمائن کیمبل 26 رنز جوڑ کر نمایاں رہیں جبکہ زیدہ جیمز نے 16،جنیلہ گلاسکو نے 10،چیڈن نیشن نے 8 عالیہ ایلائن نے 6،کرشمہ رام بریک نے 3رنز بنائے۔

پاکستان کے خلاف سیریز میں خطرے کی علامت بننے والی ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز ایک رن کی مہمان رہیں، ایفے فلیچر صفر کی خفت کا شکار ہوئیں، کیٹ تین اور شامیلہ کونیل دو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں

اپنا تبصرہ لکھیں