شیخ رشید کو بجلی کے بعد گیس کے بل کا بھی بڑا دھچکا

راولپنڈی: (بی بی یو نیوز ورلڈ اردو) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید بھی یوٹیلیٹی بلز کے ہاتھوں پریشان ہوگئے۔

شیخ رشید کو بجلی کے بل کے بعد گیس کے بل کا بھی بڑا دھچکا لگ گیا۔

سابق وفاقی وزیر کو گیس کا ایک لاکھ روپے کا بل آگیا، شیخ رشید کو پہلے ہی بجلی کا بل ایک لاکھ 68 ہزار روپے آ چکا ہے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے دونوں یوٹیلیٹی بلز میڈیا کو دکھا دیئے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل شیخ رشید کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نہ میری بیوی ہے، نہ میرے بچے ہیں، نہ اے سی چلاتا ہوں، میرا بجلی کا بل ایک لاکھ 68 ہزار روپے آیا ہے، بجلی کا بل زیادہ آنے کی وجہ سے میری مارکیٹ میں دکانیں بھی خالی ہوگئی ہیں۔

’جب سے اسلامی دوست ’’چلے‘‘ پر لیکر گئے گھر میں دوپہر کا چولہا نہیں جلاتا‘

اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ناشتہ ریڑھی پر کرتا ہوں، جب سے اسلامی دوست مجھے چلے پر لے گئے تب سے گھر میں دوپہر کا چولہا نہیں جلاتا، صرف شام کو کھانا پکتا ہے گیس کا بل ایک لاکھ آیا، اندرون شہر کے محلوں میں شہریوں کا گیس کا بل چھ سے آٹھ ہزار آیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے ذمہ داران سن لیں گلی محلوں میں اندھا انقلاب پرورش پا رہا ہے، لوگ بے بس ہوگئے حلق سے فلک تک مہنگائی نے زندہ دفن کر دیا، ملک ڈوب رہا ہے، سمجھنے کی ضرورت ہے، گاڑی ہاتھ سے چھوٹ رہی ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وقت کسی کا نہیں ہوتا، چور ڈاکو لٹیرے اپنے کیس ختم کرانے آئے تھے، غریب کا چولہا بجھا دیا، اب فارم 45 اور 47 کی لڑائی نہیں، غریب کے زندہ رہنے کی جستجو ہے، ذمہ دار حلقے خدا کیلئے غریب کو مرنے سے بچائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں