لاہور: (بی بی یو نیوز ورلڈ اردو) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی دیواروں پر گندے کپڑے لٹکانے والے ہمیں لیکچر مت دیں۔
بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ 126 دن کے دھرنے کے دوران پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور پی ٹی وی پر حملہ کرنے والی جماعت کو بھی عدلیہ کی تکریم یاد آگئی۔
انہوں نے کہا کہ علی مین گنڈاپور کو وفاق کی نہیں اپنی حکومت کی فکر کرنی چاہیے، آپ کے لیڈر اور ان کی اہلیہ قیمتی تحائف چوری کرنے کے الزام میں گرفتار ہیں ہم نے ان کو نہیں کہا تھا گراف کی گھڑیاں اور ہیرے کے نیکلس چوری کریں، قیمتی گھڑیاں اور نیکلس قوم کی ملکیت ہیں کسی کے باپ دادا کی ملکیت نہیں تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ججز کے پوسٹرز پر جوتے مارنے، ان کے خلاف گھٹیا مہم چلانے والے اب عدلیہ کا احترام ہمیں سکھائیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ چیف جسٹس کے خلاف جھوٹے ریفرنس دائر کرنے والے آج عدلیہ کے مامے چاچے بن رہے، سرینا عیسیٰ کے خلاف کردار کشی کی مہم چلانے والے ہمیں ججز کی فیملیز کی عزت پر لیکچر مت دیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی اپنی چوریوں اور ڈکیتیوں کے جرم میں جیل میں قید ہیں، ڈائیلاگ اور بڑھکیں مت ماریں، گھڑیوں اور نیکلس کی رسیدیں نکالیں۔