ملتان: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا لیے۔
ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا۔
اوپنر بلے باز عبداللہ شفیق ایک مرتبہ پھر ناکامی کی تصویر بنے نظر آئے اور محض 7 کے انفرادی سکور پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ کپتان شان مسعود بھی لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انگلینڈ کی جانب سے دونوں وکٹیں جیک لیچ نے حاصل کیں۔
2 وکٹیں جلد گرنے کے بعد صائم ایوب نے کامران غلام کیساتھ مل کر ٹیم کی پوزیشن بہتر کی اور دفاعی انداز میں کھیلتے ہوئے 77 رنز بنائے تاہم بعدازاں وہ میتھیو پوٹس کی گیند پر بین سٹوکس کو کیچ تھما بیٹھے۔
نئے آنے والے بلے باز سعود شکیل بھی وکٹ پر کچھ دیر کے مہمان ثابت ہوئے اور محض 4 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے جبکہ ڈیبیو میں سنچری سکور کرنے والے کامران غلام 118 رنز بنا کر شعیب بشیر کا شکار بنے۔
پہلے روز کے اختتام پر پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا لیے ہیں جبکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 37 اور سلمان آغا 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔