بنگلورو: (بی بی یو نیوز ورلڈ اردو) نیوزی لینڈ نے 36 سال بعد بھارتی ٹیم کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر شکست کا مزہ چکھا دیا۔
بنگلورو میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پہلے دن کا کھیل بارش کی نذر ہو گیا، دوسرے روز بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس کیلئے بھیانک خواب ثابت ہوا اور پوری بھارتی ٹیم صرف 46 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
جواب میں نیوزی لینڈ نے ڈیون کانووے کے 91 اور رچن رویندرا کے 134 رنز کے ساتھ ساتھ ٹم ساؤدھی کے 65 رنز کی بدولت 402 رنز بنا کر پہلی اننگز میں 356 رنز کی بھاری برتری حاصل کی۔
دوسری اننگز میں بھارتی بلے بازوں نے بہترین کھیل پیش کیا اور بھارت کی پوری ٹیم 462 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں نیوزی لینڈ کو فتح کے لیے 107 رنز کا ہدف دیا۔
بھارت کی جانب سے سرفراز خان 150 اور رشبھ پنت 99 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، ویرات کوہلی نے 70، روہت شرما نے 52، یشوی جیسوال نے 35، کے ایل راہول نے 12، روی چندرن ایشون نے 15 اور رویندرا جدیجا نے 5 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کلدیپ یادیو 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے میٹ ہینری اور اوروک نے 3،3، اعجاز پٹیل نے 2 جبکہ گلین فلپس اور ٹم ساؤتھی نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
مہمان ٹیم نے دوسری اننگز میں کھاتا کھلنے سے قبل ہی ٹام لیتھم کی وکٹ سے محروم ہونے کے باوجود پراعتماد انداز میں کھیل پیش کیا اور دو وکٹوں کے نقصان کے بعد سنبھل کر بیٹنگ کی۔
کیویز کی جانب سے وِل ینگ اور رچن رویندرا نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ہدف تک رسائی دلا دی، ینگ نے 48 اور رویندرا نے 39 رنز کی اننگز کھیلی۔
یوں نیوزی لینڈ نے میچ میں 8 وکٹوں سے فتح حاصل کر لی جو ان کی 36سال بعد بھارت کے خلاف ان کی سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی فتح ہے۔