گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے حکومت سرگرم عمل ہے: وزیراعظم

گلگت بلتستان: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت سرگرم عمل ہے۔

گلگت بلتستان کے ایک روزہ دورے کے دوران سیکرٹریٹ آمد پر شہباز شریف کو روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے پھول پیش کیے جبکہ چیف منسٹر سیکرٹریٹ گلگت بلتستان میں ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، وزیراعظم نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ گلگت بلتستان میں یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام اور لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کے لیے گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے نڈر نوجوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

ملاقاتیں

وزیراعظم کی گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات ہوئی جس میں گلگت بلتستان کے امور کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

گورنر و وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیراعظم کو ملک میں حالیہ معاشی استحکام پر خراج تحسین پیش کیا، دونوں رہنماؤں نے گلگت بلتستان میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد و افتتاح کے لیے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے وزیر اعظم شہباز شریف کو روایتی چغہ اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں