پنجاب میں شدید دھند اور سموگ کا راج، لاہور آج بھی آلودہ شہروں میں سرفہرست

لاہور: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند اور سموگ کا راج ہے، صوبے کے بیشتر اضلاع میں آج ہلکی بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہونے پر موٹر ویز کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے، موٹر وے ایم 2 شیخوپورہ سے کوٹ مومن، ایم 3 لاہور سے درخانہ، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور ایم 5 شیر شاہ سے ظاہر پیر تک بند کر دی گئی ہے۔

لاہور سیالکوٹ موٹر وے کو بھی حد نگاہ صفر ہونے پر ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختونخوا میں زہریلے دھویں کے گہرے سائے ہیں، بدترین فضائی آلودگی بدستور برقرار ہے، لاہور آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے، اے کیو آئی 1039 تک پہنچ گیا ہے، گلبرگ میں اے کیو آئی 2816، بیدیاں روڈ پر 2726 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

صوبائی دارالحکومت کی فضا زہر آلود ہونے کے باعث شہریوں کا سانس لینا بھی محال ہو چکا ہے۔

اس کے علاوہ ملتان میں ایئر کوالٹی انڈیکس 425، فیصل آباد 405، پشاور 270، اسلام آباد 186 اور راولپنڈی میں اے کیو آئی 199 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کی نوید
علاوہ ازیں سموگ سے پریشان پنجاب کے شہریوں کیلئے بارش کی نوید بھی سنا دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 16 نومبر تک لاہور، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، فیصل آباد، گوجرانوالہ، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں بارش کا امکان ہے۔

15 نومبر کو بھکر، لیہ اور ڈی جی خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بارش سے سموگ میں کمی متوقع ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق آج سے ہفتے کے دوران خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں