لاہور: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) رہنما استحکام پاکستان پارٹی عون چودھری نے کہا کہ حکومت پاکستان کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے، کے پی کے غیور عوام ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں استعمال نہ ہوں۔
رہنما استحکام پاکستان پارٹی عون چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی آزاد ریاست کی اہمیت کو جاننا ہے، ایسے کونسے ملک دشمن عناصر ہیں جو جلاؤ ،گھیراؤ کی فضا پیدا کرتے ہیں؟، ہمیں ان ممالک کو دیکھنا ہے جو آزاد ریاستیں نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد ریاست اللہ کی ایک نعمت ہے، ایک جماعت اعلان کرتی ہے فلاں تاریخ کو اسلام آباد پر حملہ کریں گے، حقیقی آزادی کیلئے نکلنا ہے، آپ کی حقیقی آزادی ایک شخص پر منحصر ہے، آپ اپنے ملک میں قانون کو دیکھیں۔
عون چودھری نے کہا کہ کچھ لوگ مدینہ کی ریاست کی بات کیا کرتے تھے انہوں نے بدتہذیبی ،بدمعاشی کے کلچر کو فروغ دیا ہے، اپنے بچوں کو سڑکوں پر لانے سے کیا حقیقی آزادی ملے گی؟، ہم اپنے بچوں کو استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
رہنما استحکام پاکستان پارٹی کاکہنا تھا کہ ڈیجیٹل دہشتگردی پاکستان کے خلاف استعمال ہورہی ہے، بیرون ملک بیٹھ کر افواج پاکستان کے خلاف مہم چلاتے ہیں، یہ بیرون ملک بیٹھ کر فلسطین یا کشمیر کیلئےمہم کیوں نہیں چلاتے۔
انہوں نے کہا کہ کیا آپ 9مئی والا واقعہ دوبارہ دہرانا چاہتے ہیں، پاکستان کے عوام اب آپ کے جھوٹے نعروں میں نہیں آئیں گے، سیاسی موومنٹ یلغار،حملہ یا آگ لگانے سے نہیں چلتیں، آپ کے اندر جو سانپ ہیں وہ ملک دشمن ہیں۔
عون چودھری نے کہا کہ ہم بھی تبدیلی کی جدوجہد میں شامل تھے مگر تبدیلی کا نعرہ عثمان بزدار اور فرح گوگی پر ختم ہوا، ہماری جدوجہد عثمان بزدار یا فرح گوگی کیلئے نہیں تھی، پی ٹی آئی دور کرپشن کی تاریخی داستانیں رقم ہوئیں جو پہلے کبھی نہیں سنیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا پی ٹی آئی سے اصولی اختلاف ہے، آپ کو ٹاسک ملا ہے کہ ملک میں آگ لگانی ہے، آپ انشاءاللہ 24نومبر کو مایوس ہوں گے، آپ کے مشیر سب سے بڑے سانپ ہیں ،ان کو کچلیں، یہ وہی مشیر ہیں جو کہتے تھے لٹا دیں گے، جلادیں گے، گھیراؤ کریں گے۔
عون چودھری نے مزید کہا کہ آپ ہم سے آکر تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اصلاحات لانے والی بات کریں، آپ ہر تیسرے دن کہتے ہیں اسلام آباد پر یلغار کرنے آرہے ہیں، آپ پاکستان کے دوست نہیں بلکہ دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دعوے سے کہتا ہوں کہ پنجاب حکومت نے عوام کو سہولت دینے کیلئے بہت سارے پراجیکٹس کے اعلانات کیے ہیں ، اگر پنجاب حکومت یہ اقدامات کردیتی ہے تو بہت بڑا گیم چینجر ہوگا، جلسہ رکھنے سے اگر عوام کو کچھ ملنا ہے تو ہم بھی رکھ لیتے ہیں، جلسہ ،جلوس تو انتخابات اور سیاسی فضا کیلئے ہوتا ہے۔