لاہور: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کاکہنا ہے کہ مشرقی ہواؤں کی تبدیلی اور مصنوعی بارش سے لاہور اور ملحقہ علاقوں میں سموگ انڈیکس میں کمی آئی ہے ۔
پنجاب میں سموگ کے حوالے سے سینئر صوبائی وزیر نے ایک بیان میں کہا کہ جمعہ کو کئے جانے والے اقدامات اور تمام اداروں کے کردار سے پنجاب کو سموگ سے نجات دلانے میں مدد ملے گی، ان شاءاللہ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستانی پنجاب میں “ڈی ٹاکس پنجاب مہم” سے راولپنڈی سمیت تمام علاقوں میں سموگ کی صورتحال میں بہتری ہو گی، لاہور میں سموگ سے بچاؤ کیلئے آپریشن پوری قوت سے جاری ہے، لاہور میں دھواں پھیلانے والی بڑی گاڑیوں، ٹرکوں کے داخلے پربدستور پابندی عائد ہے ۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہاکہ ہمیں اپنے علاقوں میں سموگ پھیلانے والے ذرائع کے تدارک کے بھرپور کوششیں جاری رکھنی ہیں ، سموگ سے بچاﺅ کے لئے ہر شہری کا تعاون لازمی ہے، فیلڈ میں موجود ای پی اے، پولیس، ٹرانسپورٹ، پنجاب حکومت کے تمام اداروں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سموگ کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے والے ہر ادارے کا افسر اور عملے کا فرد ہیرو ہے، مشکل حالات میں مشکل فیصلے عوام کی زندگیوں اور صحت کے تحفظ کے لیے کر رہے ہیں۔
انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں اور ماسک پہنیں ۔