سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی کے بعد مندی، ہنڈرڈ انڈیکس میں 146 پوائنٹس کی کمی

کراچی: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) پاکستان سٹاک مارکیٹ نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تاہم کاروباری روز کے اختتام پر مندی چھا گئی۔

کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کے آغاز پر ہی سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 1800 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 20 ہزار 793 پوائنٹس کی حد کو چھو گیا۔

تاہم کاروباری روز کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں اچانک مندی چھا گئی جس کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس 146 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 18 ہزار 791 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 1131 پوائنٹس اضافے کیساتھ ایک لاکھ 18 ہزار 938 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔

سٹاک مارکیٹ میں آج 27 ارب 67 کروڑ 55 لاکھ 50 ہزار 86 روپے مالیت کے 31 کروڑ 11 لاکھ 43 ہزار 729 شیئرز کا لین دین ہوا۔

وزیراعظم کا نئی بلند ترین سطح عبور کرنے پر اظہار اطمینان

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک دن میں 1800 پوائنٹس کے اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹاک ایکسچینج میں اضافہ حکومتی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی نرخوں میں بڑی کمی سے گھریلو صارفین کو ریلیف ملے گا، نرخوں میں کمی کاروباری برادری اور صنعتوں کے لئے بھی خوش آئند ہے، معاشی اشارے اور کاروباری ماحول میں بہتری حکومتی معاشی پالیسیوں سے ممکن ہوئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر تمام سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دنیا بھر کے کئی ممالک پر ٹیرف عائد کئے جانے کے بعد امریکا کی اپنی سٹاک مارکیٹس کو بڑا دھچکا لگا، مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے کھربوں ڈالرڈوب گئے، امریکی منڈیاں 2020 کے بعد بدترین گراوٹ کا شکار ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں