منسک: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) وزیراعظم شہباز شریف سے بیلاروس کی قومی اسمبلی کی کونسل آف ری پبلک کی چیئرپرسن نتالیہ کوچانووا اور ایوان نمائندگان کے چیئرمین ایگور سرجیینکو نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے پاکستان اور بیلاروس کے ارکان پارلیمنٹ کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو گہرا کرنے میں پارلیمانی رابطوں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تعلقات میں حالیہ پیشرفت انتہائی مثبت ہے۔
شہباز شریف نے دونوں ممالک کے پارلیمنٹیرینز کے تبادلوں اور پارلیمانی روابط میں مزید بہتری لانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور بیلاروس کے درمیان معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان، وفاقی وزیر تجارت جام کمال ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔