اسلام آباد ( بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، جن کی شدت 5.5 محسوس کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.5 تھی، زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، لاہور، ہری پور، سوات، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، چارسدہ، صوابی، ٹیکسلا ، حسن آباد میں بھی محسوس کئے گئے۔
اس کے علاوہ اٹک، سانگلہ ہل، خان پور ہزارہ، کندیاں، چشمہ، پپلاں اور دیگر علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، لوگ خوف وہراس کے باعث گھروں سے باہر نکل آئے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق ابتدائی رپورٹس موصول ہوگئیں، جس کے مطابق زلزلہ کا مرکز راولپنڈی سے 60 کلومیٹر دور شمال مغرب میں تھا جبکہ اس کی گہرائی 12 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کی انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے، پنجاب کے کسی بھی علاقے سے جانی و مالی نقصان کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی، زلزلہ کے آفٹر شاکس سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو الرٹ رکھا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز 24 گھنٹے الرٹ ہیں، زلزلہ سے نقصانات کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر دی جا سکتی ہے۔