پوپ فرانسس کی رحلت دنیا اور مسیحی برادری کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے: وزیر اعظم

اسلام آباد:(بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) وزیراعظم شہباز شریف نے پوپ فرانسس کی رحلت پوری دنیا، بالخصوص مسیحی برادری کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔

سی ایم سیکرٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں شہباز شریف کا رومن کیتھولک چرچ کے پیشوا پوپ فرانسس کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاپائے روم اربوں انسانوں کو اچھائی کی ترغیب، امن و سلامتی کیلئے رہنمائی فراہم کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ آنجہانی پوپ فرانسس بین المذہبی ہم آہنگی، امن، اور انسانیت کے فروغ کے علمبردار تھے، ان کی قیادت میں کیتھولک چرچ نے دنیا بھر میں محبت، تحمل اور باہمی احترام کے پیغام کو عام کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا پوپ فرانسس کا طرزِ عمل نہ صرف مسیحی دنیا کے لیے، بلکہ تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے مشعلِ راہ رہا، پوپ فرانسس کا گزشتہ روز ایسٹر کے موقع پر غزہ اور فلسطین میں فوری جنگ بندی اور انسانی حقوق کی پامالی روکنے کا بیان ان کی پرامن و انسانیت کی محبت سے بھرپور شخصیت کی عکاسی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پوپ فرانسس کی رحلت پوری دنیا، بالخصوص مسیحی برادری کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے ویٹی کن سٹی، عالمی مسیحی برادری اور دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پوپ فرانسس کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوپ فرانسس نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے نمایاں کردار ادا کیا، دنیا میں قیام امن کیلئے پوپ فرانسس کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

انہوں کا کہنا تھا کہ فلسطین ایشو پر پوپ فرانسس کے اصولی موقف کو اقوام عالم میں سراہا گیا، پوپ فرانسس کے انتقال سے دنیا ایک مخلص اور امن کی داعی شخصیت سے محروم ہو کئی ہے۔
ایاز صادق
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا پوپ فرانسس کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوپ فرانسس کے انتقال کا سن کر دلی افسوس ہوا، آنجہانی پوپ کے بین المذاہب ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی کے عزم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پوپ فرانسس نے انسانیت ، رواداری اور محبت کا پیغام عام کیا، پوپ فرانسس کا انتقال نہ صرف مسیحی برادری بلکہ دنیا بھر میں امن اور مکالمے کی قدر کرنے والوں کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں