امریکا کے بعد اسرائیلی فوج کا بھی ایران کے فردو ایٹمی پلانٹ پر حملہ

مقبوضہ بیت المقدس، تہران : (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) امریکا کے بعد اسرائیلی فوج نے بھی ایران کی جوہری تنصیب فردو پر حملہ کر دیا، دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، اسرائیلی فوج نے 6 ہوائی اڈوں پر حملے کر کے 15 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا اور تہران میں یونیورسٹی اور جیل پر بمباری کی، ایران نے 10 اہلکار شہید ہونے کی تصدیق کر دی۔

اسرائیل نے ایران پر حملوں میں ہر حد پار کرتے ہوئے ایران کی ایٹمی سائٹ فردو پر حملہ کیا جس کی ایرانی حکام نے تصدیق کر دی، ایرانی حکام نے بتایا کہ ایران کے شہر کرج اور تہران پر بھی میزائل حملے کیے گئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں کے بعد تہران میں زوردار دھماکے سنے گئے ہیں جبکہ شمالی تہران میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے۔

اسرائیل نے ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے ہیڈکوارٹر کو بھی نشانہ بنایا اور تہران میں یونیورسٹی پر بمباری کی۔

ادھر قم کے صوبائی عہدیدار نے اسرائیل کے فردو جوہری تنصیب کو نشانہ بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جوہری پلانٹ میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں۔

ایرانی میزائل حملے سے جنوبی اسرائیل میں بجلی بند، کئی شہروں میں دھماکے

ایران نے صہیونی حملوں کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر کئی میزائل داغے ہیں جس کے بعد جنوبی اسرائیل میں ایک میزائل نے پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، کئی اسرائیلی شہروں میں دھماکے سنے گئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق آج اسرائیل پر کیے گئے حملے میں خیبر شکن ، عماد، قدر، فتاح ون میزائل استعمال کیے گئے۔

قطری نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایک اسٹریٹجک انفرااسٹرکچر کے قریب میزائل گرا ہے، جس کے نتیجے میں کئی قصبات میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔

حملے کے دوران تقریباً 35 منٹ تک سائرن بجتے رہے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی عوام نے ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد آج سب سے طویل وقت پناہ گاہوں میں گزارا ہے۔

اسرائیلی فوج نے ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل کی جانب 6 میزائل داغے ہیں، اسرائیلی میڈیا کے مطابق نہاریا، گشر حزیو، حیلا، میعونا اور میعیلیا سمیت کئی شہروں میں سائرن بجنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے اوپر ایک میزائل کو بلند فضا میں اڑتے دیکھا گیا، جس کے بعد فاصلے پر متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک کم از کم 4 مقامات پر میزائل گرنے کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں ایک اشدود اور ایک مغربی مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب میں واقع ہے، تاہم ان مقامات کی نوعیت یا وہاں کیا نشانہ بنایا گیا، اس بارے میں واضح معلومات دستیاب نہیں ہیں، کیونکہ اسرائیل میں فوجی سنسر شپ کے تحت ویڈیوز یا معلومات شیئر کرنے پر سخت پابندیاں عائد ہیں اور خلاف ورزی پر قید کی سزا بھی دی جا سکتی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: اسرائیل کی مسجد اقصیٰ پر چڑھائی، غزہ پر وحشیانہ حملے میں 51 فلسطینی شہید

اس وجہ سے اس بات کی تصدیق کرنا مشکل ہے کہ کون سی تنصیبات یا علاقے متاثر ہوئے ہیں اور نقصان کی نوعیت کیا ہے۔

13 جون کو اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے بعد سے، اطلاعات کے مطابق ایران نے اب تک تقریباً 450 بیلسٹک میزائل اسرائیل پر داغے ہیں۔

اسرائیل کا ایران میں 6 ہوائی اڈوں پر حملے کر کے 15 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ

قبل ازیں قطری نشریاتی ادارے کے مطابق ایکس پر جاری کردہ بیان میں اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ ان حملوں میں ریموٹ کنٹرول طیاروں کے ذریعے ایران کے 15 طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کو تباہ کیا گیا، ان حملوں میں رن ویز، زیرِ زمین بنکرز، ایک ایندھن بھرنے والا طیارہ اور ایرانی حکومت کے زیرِ استعمال ایف-14، ایف-5 اور اے ایچ ون طیاروں کو نقصان پہنچا ہے۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فضائیہ کے طیاروں نے ان ہوائی اڈوں سے پرواز کی صلاحیت اور ایرانی فوج کی فضائی طاقت کے آپریشن کو متاثر کیا ہے۔

اسرائیلی ڈیفنس فورس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ تہران کی جانب سے داغے گئے میزائل کو تباہ کردیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اسرائیلی فوج نے آج صبح تہران کے جنوب مشرق میں واقع بڑے فوجی کمپلیکس پارچین پر حملہ کیا ہے، یہ فوجی کمپلیکس ایران کے حساس دفاعی اور میزائل پروگراموں سے وابستہ سمجھا جاتا ہے۔

ایران کا فضائی دفاعی نظام فعال

تہران کے مغرب میں واقع شہر کرج میں بھی ایران کا فضائی دفاعی نظام فعال ہو چکا ہے، اس علاقے میں یورینیم افزودگی کے سینٹری فیوجز کے پرزے تیار کیے جاتے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے ٹیلیگرام پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تقریباً 20 اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایران میں عسکری اہداف پر حملے کیے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی کہ ملک کے مختلف علاقوں کو اسرائیلی فضائی حملوں کا سامنا رہا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ایران میں اہداف کے قریب، مقاصد پورے ہونے پر لڑائی رُک جائے گی: نیتن یاہو

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق تہران کی فضا میں کئی ڈرونز کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی دفاعی نظام نے انہیں روکا۔

اسی دوران مغربی تہران کے علاقے کرَج میں بھی اسرائیلی حملے کے جواب میں فضائی دفاعی نظام کو فعال کیا گیا، جب کہ علاقے میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

ایرانی نیوز ایجنسی نور نیوز نے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی طیارے دارالحکومت تہران کے جنوب مشرق میں واقع پارچین کے علاقے میں ایک بڑے فوجی کمپلیکس کو بھی نشانہ بناتے رہے۔

ایران نے اسرائیل کا جدید ہرمس 900 ڈرون مار گرایا

ایرانی میڈیا نے آج صبح ایرانی فوج کی جانب سے مار گرائے جانے والے اسرائیل کے جدید ہرمس 900 ڈرون کی فوٹیج نشر کی ہے، یہ ڈرون پاسداران انقلاب کے اہلکاروں نے صوبہ لورستان کے شہر خرم‌آباد میں ایک کارروائی کے دوران مار گرایا۔

پاسداران انقلاب کے 10 اہلکار شہید ہونے کی تصدیق

ایرانی حکام نے صوبہ یزد میں اسرائیلی حملے سے پاسداران انقلاب کے 10 اہلکار شہید ہونے کی تصدیق کر دی۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی حملہ میں کم از کم 10 اہلکار شہید ہوئے جبکہ کئی دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں مگر ان کی تعداد نہیں بتائی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں