ممبئی: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ فائنل میں جنوبی افریقا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں بارش کے باعث ٹاس دو گھنٹے کی تاخیر سے ہوا تاہم اوورز میں کوئی کٹوتی نہیں کی گئی۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقی کپتان لورا وولوارٹ کا کہنا تھا کہ یہ گراؤنڈ ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے اچھا ہے اور امید ہے بارش کے باعث ابتدائی اوورز میں انہیں فائدہ حاصل ہوسکے۔
بھارتی کپتان ہرمنپریت کا کہنا ہے کہ وہ بھی موسم کی صورتحال کے باعث پہلے بولنگ کرنا چاہتی تھیں، ابتدائی پانچ چھ اوورز میں بیٹنگ کرنا مشکل ہوگا۔
واضح رہے کہ ٹاس دوپہر 2 بجے جبکہ میچ کا آغاز ڈھائی بجے ہونا تھا، گراؤنڈ کی آؤٹ فیلڈ میں پانی جمع ہوجانے کے باعث انتظامیہ کو میچ شروع کروانے میں مشکلات کا سامنا رہا۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقا اور بھارت کی ٹیمیں آج پہلی مرتبہ ویمنز ورلڈکپ کا ٹائٹل جیتنے کیلیے مدمقابل آئیں ہیں، ویمنز ورلڈکپ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب فائنل میں آسٹریلیا یا انگلینڈ میں سے کوئی بھی ایک ٹیم موجود نہیں ہوگی۔
بھارتی ٹیم اس سے قبل دو مرتبہ فائنل کھیل چکی ہے تاہم اسے دونوں مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جنوبی افریقی ٹیم نے پہلی مرتبہ ویمنز ورلڈکپ کے فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔





