اوباڑو: مسافر بس سے اغوا کیے گئے 10 مغوی بازیاب، مزید کی تلاش جاری

اوباڑو: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) پولیس نے مسافر بس سے اغوا ہونے والے 19 میں سے 10 مغویوں کو بازیاب کروا لیا جبکہ مزید کی تلاش جاری ہے۔

ڈی ایس پی اوباڑو کا کہنا ہے کہ مغویوں کو سومیانی میں مقابلے کے بعد بازیاب کروایا گیا، پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی، بازیاب کروائے گئے چند مسافر زخمی ہیں جن کی موقع پر مرہم پٹی کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا اور متعدد افراد کو اغوا کر کے ساتھ لے گئے، بس میں خواتین سمیت 27 افراد سوار تھے، ڈاکو خواتین کو چھوڑ کر 19 مردوں کو اپنے ساتھ لے گئے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی تعداد درجنوں میں تھی، سب کے پاس جدید اسلحہ تھا، واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کر دی۔

ابتدائی طور پر پولیس کا کہنا تھا کہ کچھ مسافر لاپتہ ہیں جو خوف کے سبب گنے کی فصل میں چھپ گئے ہیں، تاہم مسافروں کی اغوا کی تصدیق نہیں کرسکتے۔

اپنا تبصرہ لکھیں