تہران، بیروت، واشنگٹن: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ کی شہادت کے بعد حزب اللہ بھی جنگ میں شامل ہو گیا، اسرائیل پر راکٹ داغ دیئے، جس کے بعد بیروت اور تہران میں دھماکے سنائی دیئے، دوحہ اور دبئی میں آج پھر دھماکے ہوئے ہیں، ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی قیادت بات کرنا چاہتی ہے۔
امریکا اور اسرائیل کے ایران پر جارحانہ حملے کے بعد سے خطے میں صورت حال کشیدہ ہے، امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کی نہ صرف سیاسی و عسکری قیادت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے بلکہ شہری مقامات پر بھی بم برسائے جا رہے ہیں جبکہ ایران کی طرف خلیجی ممالک میں امریکی فوجی اڈوں اور اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کی جا رہی ہے، امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ میں برطانیہ بھی مل گیا ہے، اسرائیل نے لبنان پر بھی حملے شروع کر دیئے ہیں۔
امریکی طیارے تباہ
کویتی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ امریکا کے متعدد طیارے تباہ ہوئے ہیں، امریکی پائلٹ محفوظ رہے، اس سے پہلے کویت میں ایف 15 گر کر تباہ ہوا تھا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی طیاروں نے ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔
کویتی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ طیارے گرنے کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ملائشین وزیراعظم کی ایرانی سپریم لیڈر کے قتل کی شدید مذمت
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے آیت اللہ علی خامنہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سپریم لیڈر کی شہادت مشرق وسطیٰ کو طویل مدتی عدم استحکام کا شکار کر دے گی۔
انہوں نے کہا کہ کسی سربراہ مملکت کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا خطرناک ہے، فوری جنگ بندی، شہریوں کے تحفظ اور سنجیدہ مذاکرات کی بحالی ہونی چاہیے، مسئلہ طاقت کے ذریعے حل نہیں ہو سکتا۔
تہران میں چینی شہری بھی ہلاک
چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ تہران پر امریکی اسرائیلی حملوں میں ایک چینی شہری بھی ہلاک ہوا ہے، تمام چینی شہری فوری طور پر ایران سے نکل جائیں، اب تک 3 ہزار سے زائد چینی شہریوں کو ایران سے نکال چکے ہیں۔
چین کی جانب سے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی امریکی حملے میں شہادت کی مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کا استعمال درست نہیں، مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں، خطے کے ممالک کی سکیورٹی اور علاقائی سالمیت کا احترام ہونا چاہیے، امریکا و اسرائیل کے حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔
کویت میں امریکی سفارت خانے کی عمارت پر حملہ
کویت میں امریکی سفارت خانے کی عمارت پر حملہ ہوا ہے، دھوئیں کے بادلے بلند ہوتے دیکھے گئے، امریکی سفارتخانے نے شہریوں کو سفارتخانے کی طرف آنے سے روک دیا۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق شہریوں سے درخواست ہے کہ محفوظ جگہ پناہ لیں،کویت میں میزائل اور ڈرون حملوں کا خطرہ برقرار ہے۔
کویت میں امریکی ایف 15 گر کر تباہ
ایرانی میڈیا نے کہا ہے کہ کویت میں امریکی طیارہ ایف 15 گر کر تباہ ہو گیا، طیارے کو ممکنہ طور پر مار گرایا گیا۔
امریکی سینٹ کام کی جانب سے طیارہ گرنے کی تصدیق نہیں کی گئی، سینٹ کام نے صرف 3 امریکی فوجی مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔
کویتی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ کویتی فضائی حدود میں دو ڈرونز کو تباہ کیا ہے،ڈرونز کا ملبہ منی میں الاحمدی ریفائنری پر گرا، دو ورکر زخمی ہوئے۔
اسرائیل کے لبنان پر حملے، 31 افراد شہید، 149 زخمی
لبنان کے دارالحکومت بیروت میں صبح دھماکوں کی آوازیں سنائیں دیں، اس سے قبل ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ نے شمالی اسرائیل میں راکٹ داغے تھے، حزب اللہ نے اسے سپریم لیڈر کی شہادت کا بدلہ قرار دیا۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کے جارحانہ حملوں میں کم از کم 31 افراد شہید ہو گئے ہیں جبکہ 149 افراد زخمی ہیں، اسرائیل نے 50 علاقوں میں انتباہ جاری کیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کے حملوں میں حزب اللہ رہنما محمد رعد شہید ہو گئے ہیں، محمد رعد حزب اللہ کے پارلیمانی دھڑے کےسربراہ تھے۔
امریکی اہداف پر حملے
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک کے بعد ایک دھماکے ہوئے ہیں، دوحہ میں 6 دھماکے سنے گئے ہیں۔
بحرین، دبئی اور ابوظہبی میں بھی دھماکے سنے گئے ہیں۔
ایران کے امریکا یا اسرائیل پر پہلے حملہ کرنے کا کوئی ثبوت نہیں تھا: پینٹاگون
پینٹا گون نے امریکی کانگریس میں اعتراف کیا ہے کہ ہمارے پاس ایسا کوئی انٹیلیجنس ثبوت موجود نہیں تھا جس سے واضح ہو کہ ایران حملہ کرنے والا ہے۔
پینٹاگون کے مطابق ایران کے امریکا یا اسرائیل پر پہلے حملہ کرنے کو کوئی ثبوت نہیں تھا، ایران کا بیلسٹک میزائل پروگرام اور پروکسیز خطے میں امریکی مفادات کے لیے خطرہ ہیں۔
ایران کا مذاکرات سے انکار
ایران کے سکیورٹی چیف علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گا۔
ایرانی قومی سلامتی کے سربراہ علی لاریجانی پہلے ملک کے سابق سپریم لیڈر کے مشیر بھی رہ چکے ہیں، انہوں نے اس رپورٹ کو رد کیا ہے کہ ایران واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی فریب زدہ پالیسیوں نے خطے کو افراتفری میں دھکیل دیا، ٹرمپ نے اپنے نعرے امریکا فرسٹ کو اسرائیل فرسٹ میں بدل دیا، ٹرمپ نے امریکی فوجیوں کو اسرائیل کی خواہشات کی بھینٹ چڑھا دیا۔
علی لاریجانی نے کہا کہ نئی من گھڑت باتوں کے ذریعے امریکی فوجیوں اور خاندانوں پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے، آج ایرانی قوم اپنے دفاع میں کھڑی ہے، ایران کی مسلح افواج نے جارحیت کا آغاز نہیں کیا۔
علی لاریجانی نے امریکا سے رابطہ کر لیا: امریکی اخبار
امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے عمانی ثالثوں کے ذریعے امریکا سے رابطہ کیا ہے۔
وال سٹریٹ جرنل کے مطابق علی لاریجانی نے مذاکرات کی دوبارہ بحالی کے لیے امریکا کو پیغام بھجوایا۔
تہران میں گاندھی ہسپتال تباہ
تہران میں آج صبح نئے اسرائیلی حملے کیے گئے، تہران کے عوام گھروں سے باہر نکل آئے اور اللّٰہ اکبر کے نعرے لگائے۔
امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں تہران میں اسپتال کو نشانہ بنایا گیا، شمالی تہران میں واقع گاندھی ہسپتال پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق حملوں سے تہران میں اسپتال اور رہائشی عمارتوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے، تہران میں تباہ ہسپتال کے انکیوبیٹر میں موجود کمسن کو نکالنے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
میناب پر حملے میں شہادتوں کی تعداد 180 ہو گئی
ایرانی میڈیا نے بتایا ہے کہ ایرانی شہر میناب پر امریکی اسرائیلی حملوں میں شہادتوں کی تعداد 180 ہو گئی۔
سکول حملے میں مجموعی طور پر 85 طالبات بھی شہید ہوئیں، سکول کے ملبے سے تمام لاشیں نکال کر سرچ آپریشن ختم کر دیا گیا، امریکا اور اسرائیل نے ہفتے کے روز میناب شہر کے شجرہ طیبہ سکول پر حملہ کیا تھا۔
ہمیشہ سفارت کاری کیلئے تیار رہے ہیں: عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران ہمیشہ سفارتکاری کے لیے تیار رہا ہے، یہ دوسری بار ہے جب امریکا اور اسرائیل نے مذاکرات کے دوران حملہ کیا۔
الجزیرہ کو انٹرویو میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کی کارروائیاں دفاعی نوعیت کی ہیں،جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوتا۔
حزب اللہ نے اسرائیل کو جارحیت کا بہانہ دیدیا: لبنانی وزیراعظم
لبنانی وزیراعظم نواف سلام نے اسرائیل پر حزب اللہ کے راکٹ حملے کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیدیا اور کہا کہ حزب اللہ کے اسرائیل پر حملے نے لبنان کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا۔
یہ بھی پڑھئے: آیت اللہ علی خامنہ ای امریکی و اسرائیلی حملے میں شہید، ایران کی 27 مقامات پر حملوں سے نئی لہر شروع
لبنانی وزیراعظم نے کہا کہ حزب اللہ کے حملے نے اسرائیل کو لبنان کے خلاف جارحیت جاری رکھنے کا بہانہ فراہم کر دیا، ملک کو کسی نئی مہم جوئی میں دھکیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ذمہ داروں کو گرفتار کرنے اور لبنانی عوام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
ایران کی 48 اہم شخصیات کو مار دیا، ہتھیار ڈال دیں: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نےایران کی 48 اہم شخصیات کو ماردیا،پوری ایرانی لیڈرشپ ماری جا چکی ،بہت سے لوگ ہتھیار ڈالنا چاہتے ہیں، پاسداران انقلاب کی تنصیبات،ایرانی فضائی دفاعی نظام کونشانہ بنایا، 9 بحری جہاز اور ایرانی بحریہ کی عمارت کو بھی نشانہ بنایا۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے ایران کی 48 اہم شخصیات کو ماردیا، ایران کی ملٹری کمان مکمل ختم ہوگئی، بہت سے لوگ ہتھیار ڈالنا چاہتے ہیں، پاسدارانِ انقلاب، ایرانی فوج اور پولیس ہتھیارڈال دیں تو استثنا مل سکتا ہے۔ہتھیار نہ ڈالے تو موت کا سامنا کریں۔
امریکی صدر ٹرمپ نے امریکی میگزین دی اٹلانٹک سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایران میں نئی قیادت بات چیت کرنا چاہتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ایران میں نئی قیادت بات چیت پر رضامند ہو گئی، میں ان سے بات کروں گا، ایرانی قیادت پہلے بات کر لیتی تو بہتر ہوتا، بعض ایرانی مذاکرات کار اب موجود نہیں ، حملے میں مارے گئے، امریکی حملے اور بمباری کے بعد ایران میں صورتِ حال نازک ہے۔
ایرانی فوج کا 560 امریکی فوجی ہلاک و زخمی کرنے کا دعویٰ
ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے جوابی حملوں میں اب تک 560 امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، کویت اور بحرین میں امریکی فوج کے اڈوں پر حملے کیے گئے، 3 امریکی اور برطانوی آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا، ٹینکرز اب خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں جل رہے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی فورسز نے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی ایئر کرافٹ کیریئر یو ایس ایس ابراہم لنکن پر بھی بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا، امریکی بحری بیڑے کو 4 میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ ابراہم لنکن ایرانی میزائلوں کا نشانہ نہیں بنا، ایرانی میزائل بحری بیڑے کے قریب تک نہیں آسکے، تاہم سینیٹ کام نے 3 امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
سینٹ کام نے مزید کہا کہ ایرانی حملوں میں 5 امریکی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں، ایران میں 1000 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا، ایران میں بڑے پیمانے پر فضائی حملے جاری ہیں۔
اسرائیل پر ایرانی میزائل حملے میں 9 افراد ہلاک
ایران کے اسرائیل پر اب تک کے سب سے بڑے حملے میں حکام کے مطابق 9افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوئے ہیں، ایران نے اسرائیلی شہر بیت شمس پر میزائل حملہ اپنے خلاف اسرائیلی اور امریکی حملوں کے جواب میں کیا ہے، ایرانی حملوں میں اب تک متحدہ عرب امارات اور کویت میں ایک، ایک شخص ہلاک ہوا ہے، خطے میں کئی لوگ ان حملوں میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔
خلیج میں ایران نے امریکی اتحادیوں اور اس کی تنصیبات کے خلاف بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، ایران نے یروشلم کے مغرب میں واقع بیت شمس شہر پر براہ راست میزائل داغے، پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک 11 افراد لاپتہ ہیں، یہ اسرائیل میں حالیہ کشیدگی کے دوران اب تک کا سب سے بڑا حملہ تھا۔
غلام بنانے کا خواب قبروں میں جائے گا، ایرانی آرمی چیف
ایرانی آرمی چیف جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ ایرانیوں کو غلام بنانے کا خواب قبروں میں جائے گا، ایران کے بیٹے دفاع وطن سے پیچھے نہیں ہٹے، اپنی پوری طاقت سے جواب دیتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے سے طے اور مشق شدہ منصوبے کے تحت حکمت عملی اپنائے ہوئے ہیں، ڈرون، فضائی دفاع اور نیوی بھرپور کوآرڈینیشن سے کام کر رہی ہیں۔
خلیج تعاون کونسل کی ایران کو دھمکی
خلیج تعاون کونسل کے ارکان کا ایک اجلاس ہوا جس میں جی سی سی کے رکن ممالک پر ایرانی حملوں سے ہونے والے بے پناہ نقصان پر تبادلہ کیا گیا۔
جی سی سی کا کہنا ہے کہ ایرانی حملوں میں شہری تنصیبات اور رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جی سی سی نے اپنے بیان میں ایران سے حملے روکنے اور بات چیت کی اہمیت پر زور دیا ہے تاہم گروپ نے یہ بھی متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔





