تہران: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) ایران کے آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کے اعلان کے بعد امریکا نے بی 2 بمبار طیارے ایران کی جانب روانہ کر دیئے، مشرق وسطیٰ میں مزید امریکی فوج بھیجنے کا بھی اعلان کیا جبکہ ایران نے ٹرمپ کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خارگ جزیرے پر تیل تنصیبات محفوظ ہیں، کردستان میں 112 شہری، لبنان میں 12 طبی کارکن شہید ہو گئے۔
ایرانی صوبے کردستان پر امریکا و اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں 112 افراد شہید ہو گئے، حملوں میں 969 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، 5 کی حالت تشویشناک ہے۔
امریکی ٹی وی سی این این کے مطابق تیل کا سودا چینی کرنسی یوآن میں کرنے پر ایران آبنائے ہرمز سے آئل ٹینکرز کو گزرنے کی اجازت سے سکتا ہے۔
سی این این نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ٹینکروں کے بہاؤ کو منظم بنانے کے لیے ایران ایک نئے منصوبے پر کام کر رہا ہے، عالمی تیل کی تجارت زیادہ تر ڈالر میں ہوتی ہے، روسی تیل پابندی کے باوجود روبل یا یوآن میں بیچا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی و اسرائیلی حملوں میں شہید ایرانیوں کی تعداد 1348 ہوگئی، 17 ہزار سے زائد زخمی
خیال رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 1400 سے زیادہ ایرانی شہید ہو چکے جبکہ 17 ہزار سے زائد زخمی ہیں، ایرانی حملوں کے نتیجے میں اسرائیل میں 15 افراد ہلاک اور 2 ہزار 975 زخمی ہوئے جبکہ 15 امریکی ہلاک اور 140 زخمی ہوئے، لبنان پر اسرائیلی حملوں میں شہادتوں کی تعداد 773ہو گئی ہے۔
دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ امریکا ایران میں اپنی فتح کا اعلان کرے اور وہاں سے نکل جائے جبکہ اسرائیل نے ایرانی شہر تبریز کے شہریوں کو فوری انخلا کی ہدایت کی ہے۔
ایران کا اسرائیل پر حملوں کی نئی لہر کا آغاز
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اس نے اسرائیل کے خلاف حملوں کی 48ویں لہر شروع کر دی ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا یا اسلامی جمہوریہ نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ حملے لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ مل کر بیک وقت کیے گئے ہیں۔
لبنان میں بنیادی صحت مرکز پر حملہ
جنوبی لبنان سے موصول ہونے والی رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید ایسے اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے جن کا براہ راست حزب اللہ سے تعلق نہیں۔
لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ برج قلعویہ قصبے میں ڈاکٹروں اور نرسوں سمیت طبی عملے کے کم از کم 12 ارکان اس وقت مارے گئے جب قصبے کے بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔
ایران پڑوسی ممالک کو نشانہ نہ بنائے: حماس
حماس نے کہا ہے کہ ایران پڑوسی ممالک کو نشانہ بنانے سے گریز کرے، ایران کو امریکی،اسرائیلی جارحیت کے جواب میں جوابی کارروائی کا حق حاصل ہے، بین الاقوامی اصولوں اور قوانین ایران کو جوابی کارروائی کی اجازت دیتے ہیں۔
حماس نے مزید کہا کہ ایرانی فوج سے اپیل ہے،خطے کے دیگر ممالک پر حملہ نہ کریں، خطے کے ممالک بھی جارحیت کو روکنے کے لیے تعاون کریں۔
امریکی اسرائیلی حملے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق
ایرانی میڈیا نے بتایا ہے کہ مغربی ایران میں امریکی۔اسرائیلی حملے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
امریکا اسرائیل نے ایلام صوبے کے شہر ایوان میں رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، 6 ماہ کا بچہ بھی شہداء میں شامل ہے، ریسکیو ٹیمیں ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
امریکا کا ایرانی سکول پر حملہ جنگی قوانین کی خلاف ورزی ہے: ڈائریکٹر ہیومن رائٹس واچ
ڈائریکٹر ہیومن رائٹس واچ واشنگٹن سارہ یاگر کا کہنا ہے امریکا کی جانب سے ایران میں سکول پر حملے سے جنگی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اگر حملہ کرنے والوں نے جان بوجھ کر بچوں سے بھرے سکول کو نشانہ نہ بھی بنایا ہو تو اسے غلطی قرار دے کر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
حزب اللہ کا شمالی اسرائیل پر راکٹ اور توپ خانے سے حملے کا دعویٰ
حزب اللہ کا کہنا ہے کہ آج صبح اس کے ارکان نے شمالی اسرائیل میں راکٹ اور توپ خانے سے اسرائیلی فوج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے، ان حملوں میں اسرائیلی شہر صفد کے قریب واقع عین زیطیم اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سرحدی قصبے بلیدہ کے قریب اسرائیلی فوجیوں پر بمباری کی گئی ہے، یہ حملے لبنان کے علاقوں پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں گئے ہیں۔
بغداد میں امریکی سفارتخانے پر میزائل حملہ
عراقی حکام نے بتایا ہے کہ عراقی دارالحکومت بغداد پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، امریکی سفارت خانے پر میزائل حملہ ہوا ہے۔
عراقی حکام کے مطابق حملے کے بعد سفارت خانے کے احاطے سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔
دوسری جانب عراق میں مزاحمتی گروپ نے 24 گھنٹوں کے دوران امریکی اڈوں پر آٹھ حملے کیے ہیں، مسلح دھڑوں نے امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرون اور میزائلوں کا استعمال کیا ۔
امریکا دنیا سے روسی تیل کی بھیک مانگ رہا ہے: ایران
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا نےکئی ماہ تک بھارت کو روس سے تیل نہ خریدنے پرمجبورکیا، یورپ کوخام خیالی تھی روس کے خلاف امریکی حمایت مل جائے گی۔
اب دو ہفتوں کی جنگ کے بعد امریکا دنیا سے روسی تیل خریدنے کی بھیک مانگ رہا ہے۔
امریکا کے پاس خلیج فارس کی کوئی واضح حکمت عملی نہیں: جرمن چانسلر
جرمن چانسلر ایران میں جنگ کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف بول پڑے۔
جرمن چانسلر نےکہاکہ ایران جنگ نے جرمنی کی توانائی کی قیمتوں پر شدید اثر ڈالا، ٹرمپ کے پاس خلیج فارس میں جنگ ختم کرنے کی واضح حکمت عملی نہیں۔
یاد رہےکہ گزشتہ ہفتے جرمن چانسلر اور امریکی صدر ایران جنگ کے مقاصد سے متعلق ایک صحفے پر تھے۔
امریکی فوجی اڈوں اور اسرائیلی رہنماؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
ایرانی فوج نے متحدہ عرب امارات اور عراق میں امریکی فوجی اڈوں اور اسرائیلی رہنماؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایران کی مشترکہ فوجی کمان کے ترجمان نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فورسز نے 10 ایسے مقامات کو نشانہ بنایا جو اسرائیلی رہنماؤں کے ہیں، ان حملوں میں متحدہ عرب امارات میں واقع الظفرہ بیس اور عراق میں اربیل کو بھی میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانا گیا ہے۔
خارگ جزیرے پر تیل تنصیبات محفوظ ہیں: ایران
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی تیل کی شہ رگ خارگ جزیرے سے گھنے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، جزیرے پر 15 سے زائد دھماکے سنے گئے، حملوں کے باوجود جزیرے پر ایرانی فوج کا مکمل کنٹرول ہے۔
جزیرے کے دفاعی نظام کو دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے، حملوں کے باوجود جزیرے کی تیل تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچا۔
ایرانی فوج نے کہا ہے کہ ایرانی تیل اور توانائی انفرااسٹرکچر پر حملہ ناقابل قبول ہے، خطے میں موجود امریکی توانائی سے متعلق کمپنیوں کو نشانہ بنائیں گے۔
امریکا کا مشرق وسطیٰ میں مزید 5 ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان
مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث امریکا نے خطے میں اپنی فوجی موجودگی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، امریکی اخبار دی وال سٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی محکمہ دفاع نے ہزاروں امریکی میرینز کو مشرقِ وسطیٰ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ اقدام امریکی سینٹرل کمانڈ کی درخواست پر کیا جا رہا ہے، یہ درخواست ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ایران آبنائے ہرمز میں جہازوں پر حملے اور بارودی سرنگیں بچھانے کے اقدامات کر رہا ہے۔
پاسداران انقلاب نے اسرائیل اور امریکا کے 5 ڈرونز تباہ کر دیے
پاسداران انقلاب کے مطابق تبریز، اندیمشک، تہران، فیروز آباد، بندر عباس میں ڈرونز تباہ کیے، فضائی دفاعی کارروائیوں میں جدید ڈرونز اور بیٹر 4، ہرماس، ایم کیو 9 کو تباہ کیا گیا، جنگ کے آغاز سے اب تک 114 مختلف ڈرونز کو تباہ کیا گیا ہے۔
حزب اللہ کے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجیوں پر راکٹ حملے
لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیل کے فوجیوں کو راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا، لبنانی فلسطینی سرحد پر واقع شہر کفركلا میں فاطمہ گیٹ کے مقام پر اسرائیلی فوج کے اجتماع کو راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: خود کو اسرائیل کیخلاف ’طویل جنگ‘ کیلئے تیار کر لیا ہے، حزب اللہ رہنما نعیم قاسم
حزب اللہ نے کہا کہ اس نے شہر خیام کے جنوبی محلے میں دشمن فوج کے اجتماع کو بھی راکٹ حملے کے ذریعے نشانہ بنایا، یہ حملے حالیہ کشیدگی کے دوران حزب اللہ کی جانب سے کیے جانے والے تازہ اقدام کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
کویت نیشنل گارڈ نے اہم مقامات کی جانب بڑھتا ڈرون مار گرایا
کویت نیشنل گارڈ کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل جدان فاضل جدان نے بتایا کہ ایک ڈرون کو اس مقام پر گرا دیا گیا جہاں ٹاسک فورس کی ذمہ داری تھی، یہ کارروائی اہم مقامات کی حفاظت اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے کی گئی۔
متحدہ عرب امارات سے اسرائیلیوں کا انخلا مکمل
امارات سے 2 فلائٹس پر 600 اسرائیلیوں کو مفت تل ابیب پہنچایا گیا، اسرائیلی شہریوں کی با حفاظت واپسی پر اسرائیل نے عرب امارات سے اظہار تشکر کیا۔
صیہونی حکام نے کہا کہ مشکل وقت میں عرب امارات اسرائیل دوستی مضبوط ثابت ہوئی، جنگ اور امن دونوں میں امارات اسرائیل دوستی برقرار ہے۔





