وزیراعظم شہباز شریف عالمی موسمیاتی کانفرنس میں شرکت کیلئے ترکیہ روانہ

اسلام آباد: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) وزیراعظم شہباز شریف عالمی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس میں شرکت کے لیے سہ روزہ دورے پر ترکیہ روانہ ہو گئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء سینیٹر شیری رحمان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے مشیر طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی (UNFCCC) کی 31ویں کانفرنس (COP-31) کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم کل عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں وہ عالمی برادری پر زور دیں گے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث کرہ ارض کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم اپنے خطاب میں پاکستان کی جانب سے شمسی توانائی کے فروغ، قابل تجدید توانائی کی استعداد میں اضافے اور صاف و پائیدار توانائی کی جانب منتقلی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کریں گے۔

وزیراعظم ترقی پذیر ممالک کی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مستحکم، مناسب اور آسان رسائی پر مبنی موسمیاتی مالی معاونت کی فراہمی کی ضرورت پر بھی گفتگو کریں گے۔

دورے کے دوران ان کی ترکیہ کی قیادت اور دیگر عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں