لاہور: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی چھوٹے انتظامی یونٹس کے حق میں ہے، صوبوں کی تشکیل آئینی فریم ورک میں ہونی چاہیے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر آئین ریفرنڈم کی اجازت دیتا ہے تو کروا لینے میں حرج نہیں، حکومت فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کرائے، حکومت گراتے وقت کہا گیا عدم اعتماد آئینی اقدام ہے، ہم نے کہا ہارس ٹریڈنگ آئین میں کہیں موجود نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج کے باعث پٹرول 80 روپے سستا کیا گیا، 32 روپے ڈیزل کی قیمتیں بھی جماعت اسلامی کے باعث کم ہوئیں، وزرا خود بتا رہے تھے کہ پٹرول ایک ہزار روپے لٹر ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری مذاکراتی ٹیم نے حکومت کو مسلسل دباؤ میں رکھا ہے، ہمارے دھرنے نہیں ہو رہے لیکن احتجاج جاری ہیں، 22 نومبر بلوچستان میں پٹرول، بجلی، مہنگائی اور امن و امان کی صورتحال پر جلسہ کریں گے، 29 نومبر کو مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ ہوگا، ہم نے حکومت کو فائنل ڈرافٹ دے دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 19 نومبر کو ہماری مذاکراتی ٹیم کی حکومتی ٹیم سے میٹنگ ہوگی، حکومت ریلیف کو بڑھائے، ہم جانتے ہیں آئی ایم ایف کا کوئی دباؤ نہیں ہے، ریلیف کا دائرہ نہ بڑھا تو حکومت کے ساتھ یہ ملاقات آخری ہو سکتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر عوام کو ریلیف نہ ملا تو احتجاجی مظاہروں کے ساتھ دھرنے دوبارہ شروع ہوں گے، ہمارے جلسے صرف پٹرول کے مسائل پر نہیں ہیں، ہمارے جلسے گیس اور زراعت کی زبوں حالی کے خلاف بھی ہیں، حکومت نے گیس کی قیمت 290 روپے مقرر کی، ملتی 600 روپے تک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد سے عوام کو بجلی میں ریلیف ملا، آئی پی پیز کے ساتھ مزید ناجائز معاہدے برداشت نہیں کریں گے، بینک مافیاز کو فائدہ پہنچانے کیلئے معیشت کو تباہ کیا جا رہا ہے، ٹیکنیکل گیم سے عوام کو بوجھ تلے دبایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پوری قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے جدوجہد کر رہے ہیں، ہماری جدوجہد پاکستانی سیاسی میں یہ ایک نئی تبدیلی ہے، عوامی سطح پر کسی نے حکومت پر دباؤ ڈال کر ریلیف نہیں دلوایا، ہمارے دباؤ کے باعث تاخیر سے ہی صحیح لیکن ریلیف مل رہا ہے، عوام کے تعاون سے مکمل ریلیف حاصل کر کے رہیں گے۔





