ملک میں 10 ہزار ای روزگار مراکز کے قیام کا منصوبہ شروع کر دیا: وزیر آئی ٹی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 10 ہزار ای روزگار مراکز کے قیام کے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا۔

نگران وزیر آئی ٹی نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں 250 مراکز قائم کئے جائیں گے، آئی ٹی ایکسپورٹ کو 10 ارب ڈالرز تک لے جانا ہے۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ ملک میں اس وقت 15 لاکھ سے زائد افراد فری لانسنگ کر رہے ہیں، ایس آئی ایف سی نے ہماری پالیسیوں اور منصوبوں کی بروقت منظوری میں اہم کردار ادا کیا، فری لانسرز کیلئے ڈیجیٹل پیمنٹ گیٹ وے کا بڑا مسئلہ حل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یکم فروری سے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 10 ہزار اکاؤنٹ بنائے جائیں گے، مزید 2 لاکھ کلومیٹر آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے منصوبے کا جلد آغاز کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ نوجوان تخلیق کاروں کی مدد کیلئے 2 ارب روپے سے سٹارٹ اَپ فنڈ کا اجرا کیا گیا، سمارٹ فونز فار آل منصوبے کے تحت آسان اقساط پر موبائل فونز فراہمی کا اجرا کرنے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں