اسلام آباد: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) 2024ء میں، پاکستان میں پارلیمانی انتخابات کے قریب آنے کے ساتھ ہی ٹک ٹاک نے غلط اور گمراہ کن معلومات سے نمٹنے اور پلیٹ فارم پر انتخابی شفافیت اور دیانتداری کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی کوششوں کا اعلان کر دیا ہے۔
مختصر ویڈیوز کے اس پلیٹ فارم کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے اقدامات ،اس اہم مدت کے دوران ، محفوظ، مستند اور قابل اعتماد معلوماتی ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے اس کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔
غلط اور گمراہ کن معلومات کی روک تھام کے لیے اپنے مضبوط عالمی فریم ورک کی بنیاد پر ٹک ٹاک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حقائق کی جانچ کرنے والے ادارے ایجنسی فرانس- پریس (Agence France-Presse: AFP) کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ پاکستانی انتخابی تناظر کو خاص طور پر اُجاگر کیا جا سکے۔
علاوہ ازیں،ٹک ٹاک پلیٹ فارم کی شفافیت و دیانتداری کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان میں بھی مقامی کمیونٹی پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے، یہ شراکتیں ٹک ٹاک کو ممکنہ غلط معلومات کی نشاندہی کرنے، ان پر مناسب کارروائی کرنے اور اہم واقعات کے بارے میں اپنی کمیونٹی کے ساتھ درست معلومات کی اشتراک کرنے کے قابل بناتی ہیں۔
ٹک ٹاک کے حقائق کی جانچ کرنے والے شراکت دار پلیٹ فارم پر کانٹینٹ کو ماڈریٹ نہیں کرتے ہیں لیکن ان کے جائزے قابل قدر رائے فراہم کرتے ہیں جس سے ٹک ٹاک کو مناسب کارروائی کرنے میں مدد ملتی ہے جو اس کی کمیونٹی گائیڈ لائنز کو برقرار رکھتا ہے۔
ٹک ٹاک کی حکمت عملی میں جدیدفیچرز والی مصنوعات شامل ہیں جن کا مقصد صارفین کو آگاہی اور پلیٹ فارم کی شفافیت و دیانتداری کو برقرار رکھنے میں شرکت کو بڑھانا ہے، ٹک ٹاک نے اپنے پلیٹ فارم پر پاکستان الیکشن سینٹر بھی قائم کیا ہے جو انگریزی اور اردو، دونوں زبانوں میں صارفین کو ووٹنگ کے طریقہ کار اورووٹ ڈالنے کے مقامات سمیت مستند معلومات فرہم کرے گا۔
علاوہ ازیں، استعمال میں آسان رپورٹنگ ٹولز بھی صارفین کو ممکنہ گمراہ کن کانٹینٹ کی بآسانی شناخت کرنے اور رپورٹ کرنے کے لیے بااختیار بنائیں گے، یہ نقطہ نظر ایک محتاط اور ذمہ دار کمیونٹی کو فروغ دیتا ہے جو انتخابات کے دوران انتہائی اہم ہوتا ہے۔