نواز اور شہباز کا مولانا سے رابطہ، حکومت سازی کے حوالے سے مشاورت

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن نے حکومت سازی کیلئے نمبر گیم پر کام تیز کر دیا، سیاسی جماعتوں کے قائدین سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے حوالے سے مشاورت ہوئی، دونوں رہنماؤں کی جلد ملاقات بھی متوقع ہے۔

قبل ازیں لیگی صدر شہباز شریف نے بھی 24 گھنٹوں کے دوران سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان سے دوسرا رابطہ کیا۔

شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک بات چیت ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر حالیہ انتخابات اور انتخابی نتائج پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے مرکز میں حکومت سازی سے متعلق مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لیا۔

سربراہ جے یو آئی ف نے مجلس عاملہ اور امراء اجلاس میں مشاورت کا وقت مانگ لیا، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بدھ کو مجلس شوریٰ میں مشاورت کر کے آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے انتخابات کے نتائج پر تحفظات کا بھی اظہار کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں