لاہور: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سرکاری مصروفیات بڑھ گئیں۔
ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور جاتی امرا رائیونڈ گئے، دونوں اعلیٰ ترین افسروں نے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے تفصیلی ملاقات کی، دونوں افسروں نے مریم نواز کو صوبے کی تازہ ترین انتظامی و امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ مختلف سرکاری محکموں کے سیکرٹریز کی بھی مریم نواز سے ملاقات ہوئی، صوبائی سیکرٹریز نے اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی بارے مریم نواز کو تفصیلی بریفنگ دی، مریم نواز کو بریفنگ دینے والوں میں سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن شامل تھے۔
صوبائی سیکرٹریز نے صوبے میں جاری تعلیمی سرگرمیوں بارے نامزد وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی، تینوں سیکرٹریز کے ساتھ ملاقات میں سکول ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن اور سپیشل ایجوکیشن کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے بھی مریم نواز کو بریفنگ دی اور پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں بارے آگاہ کیا۔
مریم نواز سے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں کی بھی ملاقات ہوئی، مریم نواز سے ملاقات کرنے والوں میں مریم اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، پرویز رشید، خواجہ عمران نذیر شامل تھے، محمد احمد خان لغاری، خواجہ وسیم، تنویر اسلم ملک، ڈاکٹر فرخ جاوید اور کاظم پیرزادہ نے بھی ملاقات کی۔