اسلام آباد: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) آئی سی اے او یونیورسل سکیورٹی آڈٹ پروگرام کی ٹیم نے پاکستان ایوی ایشن سسٹم کے آڈٹ کا باقاعدہ طور پر آغاز کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) یونیورسل سکیورٹی آڈٹ کی چار رکنی ٹیم نے سول ایویشن ہیڈ کوارٹرز کا دورہ دیا اور اعلیٰ حکام سے ملاقات کی، ڈپٹی ڈی جی ریگولیٹری نادر شفیع ڈار نے پاکستانی وفد کی سربراہی کی، ڈائریکٹر ایوی ایشن سکیورٹی ائیرکموڈور (ر) شاہد قادر بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے تفصیلی پریزنٹیشنز اور آڈٹ پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا، آئی سی اے او سکیورٹی ٹیم نے ڈی جی سول ایوی ایشن خاقان مرتضیٰ سے بھی ملاقات کی، ڈی جی سی اے اے نے مکمل تعاون اور تمام شعبوں تک مکمل رسائی کی یقین دہانی کروائی، آئی سی اے او سکیورٹی وفد نے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن سکیورٹی آڈٹ ٹیم کی جانب سے آڈٹ میں شہری ہوا بازی کے پورے نظام کا احاطہ کیا جائے گا، اس کے علاوہ آڈٹ ٹیم قانون سازی، دستاویزات، طریقہ کار اور مختلف طریقہ کار کا جائزہ لے گی۔
ذرائع کے مطابق آئی سی اے او ٹیم ایئرپورٹ آپریشنز، اے ایس ایف سکیورٹی، ایئر لائنز، کارگو، جی ایچ اے، کیٹرنگ اور ایئر نیوی گیشن سہولیات کا مشاہدہ کرے گی، انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن سکیورٹی آڈٹ ٹیم کا 2019ء کے بعد یہ پاکستان کا پہلا آن سائٹ دورہ ہے۔