سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع

اسلام آباد: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا، کاغذات نامزدگی آج اور کل جمع کروائے جا سکیں گے۔

سینیٹ میں پنجاب اور سندھ کی 12، 12، بلوچستان اور کے پی کے کی 11 گیارہ نشستوں پر انتخابات 2 اپریل کو ہوں گے، اسلام آباد سے سینیٹ کی 2 نشستوں پر بھی انتخابات ہوں گے۔

چاروں صوبوں سے سینیٹ کی 7 ،7 جنرل، دو 2 ٹیکنوکریٹ اور 2 خواتین کی 2،2 نشستوں پر الیکشن ہوں گے۔

پنجاب اور سندھ سے ایک ایک اقلیتی نشست پر بھی انتخاب ہوگا جبکہ اسلام آباد سے ایک جنرل اور ایک ٹیکنوکریٹ نشست پر انتخاب ہوگا۔

سینیٹ کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی 4 جبکہ ن لیگ اور جے یو آئی ایک ایک نشست پر کامیاب ہوچکی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کیا تھا۔

اعلامیے کے مطابق سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی 15 اور 16 مارچ کو جمع کرائے جاسکتے ہیں، امیدواروں کی فہرست 17 مارچ کو آویزاں کی جائے گی، سینیٹ انتخابات کی سکرونٹی 19 مارچ کو ہوگی۔

انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی پر اعتراضات 21 مارچ تک دائر کئے جا سکیں گے، ٹریبونل 25 مارچ تک تمام اعتراضات نمٹائیں گے، 26 مارچ کو امیدواروں کی عبوری فہرست جاری کی جائے گی، 28 مارچ تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں