یوم پاکستان: مسلح افواج کی پریڈ، لڑاکا طیاروں کی گھن گرج، شاندار فلائی پاسٹ

لاہور: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) ملک بھر میں آج یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، اسلام آباد میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کا اہتمام کیا گیا۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے اور اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی جانب سے مشترکہ پریڈ کا اہتمام کیا گیا جس میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزراء اور مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔

یوم پاکستان پریڈ میں جنگی ہتھیاروں کی نمائش کے ساتھ ساتھ پاکستان ائیرفورس کے جدید ترین طیارے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا اور فوجی دستوں نے سلامی پیش کی، مسلح افواج کی پریڈ دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد بھی شکر پڑیاں گراؤنڈ میں موجود رہی۔

یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے

مرکزی پریڈ میں مسلح افواج کے جوانوں نے مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا، چین اور دوست ملک آذربائیجان کے فوجی دستے بھی پریڈ میں شامل ہوئے۔

صبح سویرے اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان رینجرز کے دستوں نے رینجرز ایگزی بیشن ڈرل کا شاندار مظاہرہ کیا، ڈرل کے دوران رینجرز کے دستوں نے ذہنی وجسمانی صلاحیتوں کو شاندار انداز میں شرکاء کے سامنے پیش کیا۔

مزید پڑھیں:پاکستان کی سلامتی کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے: صدر مملکت

آرمی سکول آف میوزک کے دستے نے بھی سولو ڈرم کا مظاہرہ کر کے دیکھنے والوں پر سحرطاری کر دیا۔

صدر مملکت آصف علی زداری نے مسلح افواج کی مشترکہ مرکزی پریڈ کا معائنہ کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں