اسلام آباد:(بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) تحریک طالبان افغانستان (ٹی ٹی اے) کی دہشت گردوں کے ساتھ ملکر پاک افغان سرحد پر سکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افغانستان کے علاقے ڈانگر الگد (Dangar Algad)میں موجود تحریک طالبان افغانستان(ٹی ٹی اے) کا سرغنہ یحییٰ حافظ گل بہادر گروپ کے دہشتگردوں کو ہدایات دے رہا ہے کہ آپ نے پاکستانی پوسٹوں پر حملہ کرنا ہے۔
ویڈیو میں ٹی ٹی اے کا کمانڈر دہشت گردوں کو بتا رہا ہے کہ ہم پاکستان سے بدلہ لینے کے لیے تیار ہیں، ٹی ٹی اے کا کمانڈر جنگجوؤں کو بتا رہا ہے کہ منصوبے کے مطابق 6راکٹ چلانے والے ہوں گے اور 6ان کے معاونین ، اسی طرح 2لیزر والے ہونگے اور 2 ان کے ساتھ معاونین جبکہ ایک بندہ سنائپر بھی ہو گا، یہ سب مجاہدین امیر المومنین شیخ عباداللہ کے احکامات پر تیار ہیں۔
منظرِ عام پر آنے والی ویڈیو میں خودکش بمبار کو بھی دیکھا جا سکتا ہے، دہشتگرد پاکستان کے خلاف لڑنے پر رضامندی کا اظہار کر رہے ہیں، ویڈیو میں پاکستان میں داخلے کیلئے تیار تشکیل کو ضابطہ سمجھانے اور زخمیوں کو پیچھے نہ چھوڑنے کی ہدایات بھی دی جا رہی ہیں۔
ویڈیو اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ ٹی ٹی اے پاک افغان سرحد سے سکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور دہشت گردوں کو پوری مدد فراہم کرنے میں مصروف ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کرتا آ رہا ہے کہ کابل حکومت دہشتگردوں کو اپنی سر زمین استعمال نہ کرنے دیں، دوسری جانب دہشتگردوں کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی پر افغان عبوری حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔
یہ دہشتگردپاکستان کی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہیں جو افغان سرزمین کا مسلسل استعمال کر ر ہے ہیں، پاکستان نے افغانستان کے اندر ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشتگرد تنظیموں کی موجودگی پر افغان عبوری حکومت کو بارہا اپنے سنگین تحفظات سے آگاہ کیا مگر کوئی خاطر خواہ پیشرفت نہ ہو سکی ۔
واضح رہے پاکستان نے افغان عبوری حکومت کو افغانستان سے دہشتگردی کے واضح ثبوت بھی فراہم کئے جو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لئے افغان سرزمین کا بے دریغ استعمال عالمی معاہدوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔