جنوبی پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے سے اموات کی تعداد 21 ہوگئی

لاہور: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) جنوبی پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے سے اموات کی تعداد 21 ہوگئی، پی ڈی ایم اے نے جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی معاونت کا اعلان کردیا۔

پرونشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے جنوبی پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے سے 21 اموات کی تصدیق کردی، آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہونے والے افراد میں 9 مرد، 5 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق رحیم یار خان میں آسمانی بجلی گرنے سے 9، بہاول نگر، بہاولپور اور لودھراں میں 3، 3 ، مظفرگڑھ، راجن پور اور کوٹ ادو میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ صوبے میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی معاونت کی جائے گی، شہری بارشوں اور بجلی کی گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، سفر سے پہلے موسم کی صورتحال کا جائزہ لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے، قدرتی آفات کا مقابلہ ملکر اور باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے، شہری خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں