کراچی: (بی بی یو نیوز اردو) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فارم 47 پر بننے والی حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب امیر جماعت اسلامی پاکستان بننے کا اعلان ہوا اس وقت مبارکباد کا پہلا خط کراچی پریس کلب سے موصول ہوا، ملکی صورتحال سب کے سامنے ہے، کراچی کے رہنے والوں کے حق کی تحریک آگے بڑھی تھی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پہلے بلدیاتی انتخابات میں شب خون مارا گیا، پھر عام انتخابات میں شب خون مارا گیا، الیکشن کمیشن کو پہلے سے فارم 47 لکھ کر دیئے گئے تھے، اس کے مطابق مینڈیٹ تقسیم کیا گیا، ہم اس کو تسلیم نہیں کرتے، عوام نے اس حکومت کو تسلیم نہیں کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ن لیگ جس نے ماضی میں دو تہائی اکثریت حاصل کی تھی اب اس پارٹی کی سیاست بھی ختم ہوگئی ہے، پہلے وہ پورے پاکستان سے فارغ ہوگئے تھے، اب وہ پنجاب سے بھی فارغ ہو جائیں گے، یہ لوگ آئین کی بالادستی قائم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسائل کا کوئی حل نکالنا ہوگا نہیں تو عوام کا غیظ و غضب آگیا تو مشکل ہوگا، فارم 47 کے مینڈیٹ کو واپس کیا جائے، چیف جسٹس اگر واقعی پاکستان کے چیف جسٹس ہیں توان کو ایکشن لینا چاہئے، چیف جسٹس کو یہ کام کرنا ہوگا، انہوں نے بہت سے کیسز کو سننا شروع کیا ہے۔