بشکیک: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) پاکستانی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ بشکیک میں غیر ملکی طلبہ کے خلاف پر تشدد واقعات میں کوئی پاکستانی طالبعلم جاں بحق نہیں ہوا۔
پاکستانی سفارت خانے کے مطابق کرغزستان حکومت نے کوئی بھی پاکستانی طالب علم کے جاں بحق نہ ہونے کی تصدیق کی ہے، کرغزستان کی وزارت بین الاقومی امور کے مطابق صورتحال قابو میں ہے۔
پاکستانی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ صورتحال سے متعلق کرغزستان کی وزارت بین الاقومی امور نے پریس ریلیز جاری کی ہیں۔
قبل ازیں پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم نے بھی وزیراعظم کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا، سفارتخانہ زخمی طلباء کی معاونت کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک کے مقامی اور غیر ملکی طلبہ میں جھگڑے کے بعد ہنگامہ آرائی ہوئی، پاکستانی طلبہ بھی ہنگاموں کی زد میں آگئے اور مشتعل کرغز طلبہ نے پاکستانی طلبہ کے ہاسٹلز پر حملے کر دیئے جن میں متعدد طلبہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔