لاہور: (بی بی یو نیوز ورلڈ اردو) وزیراطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جیل سے منظم پروپیگنڈا پورے ملک میں پھیلایا جا رہا ہے، فضول قسم کا الزام لگاتے ہیں کہ مجھے زہر دیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہمارے ایک مہمان اڈیالہ جیل میں ہیں، اڈیالہ جیل والے مہمان پاکستان کو لاکھوں میں پڑتے ہیں، یہ علیحدہ پروپیگنڈا ہے کہ مجھے کسی کو ملنے نہیں دیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ نہیں کہ ان سے ملنے کون جا رہا ہے، مسئلہ یہ ہے کہ وہاں سے باہر کیا آ رہا ہے، لوگ ملاقات کے بعد باہر آکر کہتے ہیں یہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے، ایک منظم پروپیگنڈا کو جیل سے شروع کر کے پورے ملک میں پھیلایا جاتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک فضول قسم کا الزام لگاتے ہیں کہ مجھے زہر دیا جائے گا، اشتعال انگیزی اور اداروں کے خلاف مہم چلانا اس پارٹی کا ایجنڈا ہے، جن کو آج کل نیا نیا انقلاب آیا ہوا ہے وہ ملک کا نہیں سوچ رہے، بانی پی ٹی آئی نے اس ملک میں کونسی دودھ اور شہد کی نہریں بہادی تھیں؟۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیلی گراف میں کالم چھپتا ہے اور اس میں درج ہوتا ہے مجھے مار دیا جائے گا، یہ شخص ذہنی بیماری کا شکار ہے جس کا تماشہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے، پاکستان کی سلامتی عوام کیلئے سب سے زیادہ معنی رکھتی ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب بھی اشتعال انگیزی یا سازش ہو ایک پارٹی کا نام آتا ہے، پاکستان سے سازش کرنے کا کوئی سیاسی پارٹی سوچ بھی نہیں سکتی، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تلے ہوئے کھانے دیئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیل سے بار بار اشتعال انگیزی ہو رہی ہے، اس کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیکھنا پڑے گا، ہمارے پاس کرنے کیلئے بہت سارا کام ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت کا فوکس عوام پر ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پوری کابینہ نے آج مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا، چاول 100 روپے فی کلو سستے، 3500 والا گیس سلنڈر 2500 روپے کا ہوگیا ہے، روٹی 12 روپے، پٹرول سستا، سیمنٹ، سریا، ڈالر ریٹ بھی کم ہوا ہے، عوام اپنے منہ سے کہہ رہے ہیں کہ اشیا ضروریہ سستی ملنا شروع ہوگئی ہیں۔