راولپنڈی: (بی بی یو ورلڈ نیوز اردو) سکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس آپریشن کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک جبکہ 2 جوان وطن پر قربان ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 26 مئی کو سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع پشاور کے علاقہ حسن خیل میں آپریشن کیا، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد واصل جہنم جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں سے مقابلے میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ شہید ہوگئے، شہید کیپٹن حسین جہانگیر کا تعلق ضلع رحیم یار خان اور شہید حوالدار شفیق اللہ کا تعلق ضلع کرک سے ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے، بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عزم کو مضبوط بناتی ہیں۔
نماز جنازہ ادا
علاوہ ازیں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حسین جہانگیر شہید اور حوالدار شفیق اللہ شہید کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور سمیت پاک فوج کے افسران، سول حکام، عوام اور جوانوں نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کر دیئے گئے جہاں ان کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔