پنجاب میں چیف منسٹر کلائمیٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کا آغاز

لاہور: (بی بی یو نیوز ورلڈ اردو) پنجاب میں چیف منسٹر کلائمیٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا۔

  میرا پنجاب سموگ فری   مہم کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ماحولیات کی بہتری کیلئے پائیدار اقدامات کرتے ہوئے پنجاب میں چیف منسٹر کلائمیٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ سموگ کے مستقل سدباب کے لئے مل جل کر اقدامات کرنا ہوں گے، سموگ فری پنجاب انیشی ایٹو کے تحت ینگ گریجوایٹس کمیونٹی سروس کی منفرد خدمات سر انجام دیں گے، گزشتہ 2 سال میں اپنی ڈگری مکمل کرنے والے گریجوایٹ اپلائی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر پنجاب کلائمیٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کے تحت انٹرنز کو ماہانہ 25 ہزار سکالر شپ دیا جائے گا، پروگرام کمیونٹی سروس اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کلائمیٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام میں 20 جولائی 2024 تک رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے، انٹرن شپ مکمل کرنے والے 18 تا 25 سال تک نوجوانوں کو کمیونٹی سروس سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا، انوائرمنٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے کمیونٹی سروس سرٹیفکیٹ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام سموگ کے سنجیدہ مسئلے کے حل کیلئے حکومت کا ساتھ دیں، گاڑیوں اور کارخانوں سے دھویں کے اخراج کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جائے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ پلاسٹک کے استعمال میں کمی لائی جائے اور فصلوں کی باقیات کو جلانے سے گریز کیا جائے، آج ہم اپنے ماحول کو صاف رکھنے کی کوشش نہیں کریں گے تو کب اور کون کرے گا؟ انشاء اللہ اس سال پنجاب حکومت کے اقدامات سے سموگ میں کمی آئے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں