اسلام آباد: (بی بی یو نیوز ورلڈ اردو) وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہے، اگر کوئی ابہام ہے تو الیکشن کمیشن سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ امید ہے سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ جلد آئے گا، سپیکر کے سامنے جب مخصوص نشستوں کا معاملہ آئے گا تو اپنی رائے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا دوٹوک موقف ہے آئین کا تحفظ کریں گے، سپریم کورٹ نے ڈکٹیٹر کو آئین میں ترمیم کا اختیار دیا تو کیا آئینی فیصلہ تھا؟ ملک میں کوئی آمریت نہیں ہے، رائے کو سننا چاہیے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سوال کچھ اور تھا اور فیصلہ کچھ اور آیا ہے، عزت و احترام سے فیصلے پر رائے دی جاسکتی ہے، مریم نواز کی آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی بات 9 مئی کرنے والوں سے متعلق تھی۔
انہوں نے کہا کہ جب آئین ہی ری رائٹ کر دیا جائے گا پھر تو بات ہونی چاہئے، ہمارے پاس پی ٹی آئی سے متعلق فارن فنڈنگ کے ثبوت موجود ہیں، کابینہ میں تحریک انصاف سے متعلق سب کو آن بورڈ لیا جائے گا، پابندی توسپریم کورٹ میں لگےگی۔