مریم نواز کا مشن خوشحال ، روشن اور ترقی کرتا پنجاب ہے: عظمیٰ بخاری

لاہور:(بی بی یو نیوز ورلڈ اردو) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز کا مشن خوشحال پنجاب، روشن پنجاب اور ترقی کرتا پنجاب ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے والے مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کریں، زبان درازی،خیالی پلاؤ اور فلسفے جھاڑنے میں تحریک انصاف کا متبادل کوئی نہیں ہوسکتا، مریم نواز کی حکومت کی فکر کرنے کی بجائے انتشاری ٹولہ اپنی خیر منائے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو 11 سال سے سونامی، تبدیلی اور نئے پاکستان کے نام پر جھانسے دیئے جا رہے ہیں، تعلیم،صحت، انفراسٹرکچر اور روزگار تحریک انصاف کی کبھی ترجیح نہیں رہی، پاکستان میں 9 مئی کے فسادیوں اور دہشت گردوں کے لیے سیاست کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جو جماعت پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کے لیے خطرہ بن چکی ہے اس کا وجود ہی ناقابل برداشت ہے، شہداء کے مجسمے جلانے والے کس منہ سے خود کو محب وطن کہتے ہیں؟ حب الوطنی کا پہلا اور بنیادی فریضہ اپنے شہداء اور غازیوں کی عزت اور تکریم کرنا ہے۔

وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ جن لوگوں نے پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ کرنے کے لیے ہر سازش کی ان کو نشان عبرت بنایا جانا چاہیے، مسلم لیگ ن کی لیڈرشپ کو یہ اعزاز حاصل ہے پاکستان پر جب بھی برا وقت آیا فرنٹ لائن پر اپنا رول ادا کرنے پہنچی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، موجودہ حالات میں جو شخص بھی 9 مئی کے فسادیوں کے ساتھ کھڑا ہوگا وہ ان کا سہولت کار تصور کیا جائے گا، اب کسی قسم کی غیر آئینی سہولت کاری کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں